.

ارنب گوسوامی نے کابل میں سرینا ہوٹل کی دو منزلہ عمارت کو پانچ منزلہ بنا دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارتی نیوز اینکر ارنب گوسوامی نے دعوی کیا کہ کابل کے سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر پاکستانی فوج موجود ہے، حالانکہ اصل میں یہ عمارت دو منزلہ ہے۔ گواسوامی کے حالیہ دعوؤں کا سوشل میڈیا پر بہت مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے جارحانہ مزاج رکھنے والے ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی نے حال ہی میں اپنے پروگرام 'دی ڈیبیٹ‘ میں دعویٰ کیا کہ کابل میں واقع سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر پاکستانی فوج موجود ہے۔ تاہم بعد ازاں پتہ چلا کہ کابل میں سرینا ہوٹل کی عمارت کی گراؤنڈ فلور کے علاوہ محض دو منزلیں ہی ہیں۔ اس کے بعد سے سوشل میڈیا پر بھارتی اینکر کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لیکن سوال یہ ہے کہ آیا سوشل میڈیا پر سرینا ہوٹل کی منزلوں کی تعداد کا معاملہ آیا کیسے؟ ہوا کچھ یوں کہ بھارت کے جارح مزاج صحافی ارنب گوسوامی نے گزشتہ دنوں اپنے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران یہ دعویٰ کیا کہ پاکستان کی فوج کے افسران سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر موجود ہیں۔

بھارتی اینکر ارنب گوسوامی نے گذشتہ ہفتے ٹی وی چینل 'ری پبلک' پر اپنے پروگرام 'دی ڈیبیٹ' میں مدعو کیے گئے پاکستانی مہمان عبدالصمد یعقوب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ جا کر دیکھیں کہ کابل کے سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر پاکستانی خفیہ ایجنسی (آئی ایس آئی) کے کتنے افسران موجود ہیں۔

اُنہوں نے عبدالصمد سے مزید کہا کہ "میں آپ کو مزید تفصیلات بتاؤں، کیا میں یہ بتاؤں کہ وہ کس کمرے میں ہیں یا یہ بہت ہے؟ میں آپ کو یہ بھی بتا سکتا ہوں کہ انہوں نے آج رات کے کھانے کے لیے کیا آرڈر کیا ہے۔ لہٰذا آپ میرے انٹیلی جنس ذرائع کو چیلنج نہ کریں، ہم نے آپ کے تمام لوگوں کی فضائی نگرانی کی ہوئی ہے۔'

اس پروگرام کے بعد اگلے روز عبدالصمد یعقوب دوبارہ اسی پروگرام میں مہمان بنے اور انہوں نے ارنب گوسوامی کو کہا کہ 'گزشتہ شب جب میں نے آپ کے ذرائع کو چیلنج کیا تھا تو آپ نے جواب میں کہا تھا کہ سرینا ہوٹل کی پانچویں منزل پر آئی ایس آئی کے لوگ ہیں۔ (لیکن) جب میں نے اپنے ذرائع سے تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ سرینا ہوٹل کی صرف دو منزلیں ہیں، وہاں کوئی تیسری، چوتھی یا پانچویں منزل نہیں ہے۔ آپ میری سادہ سی باتوں کا مزاق اڑاتے ہیں۔'

عبدالصمد یعقوب کی بات پر ارنب گوسوامی نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ یہ مزاحیہ بات ہے۔ آپ نے تصدیق کی کہ وہ سرینا ہوٹل میں ہے۔ میں نے آپ کے ساتھ کھیل کھیلا کہ وہ پانچویں منزل پر ہیں تاکہ آپ تصدیق کرسکیں۔

ارنب گوسوامی کے اس دعوے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کا نام ٹرینڈ کرنے لگا اور دو روز سے پاکستان میں ٹوئٹر پر ارنب گوسوامی کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ میں ہے۔ پاکستانی اور کچھ بھارتی صارفین اس دعوے پر مختلف تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

ارنب گوسوامی: فوٹو سوشل میڈیا
ارنب گوسوامی: فوٹو سوشل میڈیا

واضح رہے کہ ارنب گوسوامی اس سے قبل بھی کئی مرتبہ موضوع بحث بن چکے ہیں اور ان کے اکثر پروگررام کو متنازعہ اور مبینہ طور پر پاکستان مخالف کہا جاتا ہے۔

دسمبر 2020 میں برطانوی ٹیلی ویژن ریگولیٹری اتھارٹی آف کام نے ان کے چینل ری پبلک پر مبینہ طور پر پاکستان مخالف پروگرام کرنے پر 20 ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔