کار میں پٹرول ختم ہونے پر لبنانی سرجن کی سائیکل پر ہسپتال آمد

زچگی کی کامیاب سرجری کے بعد سرجن نومولود کے ساتھ ٹریک سوٹ میں تصویر وائرل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

لبنانی عوام کو ان دنوں ایندھن کے بدترین بحران کا سامنا ہے۔ ایندھن کی قلت سے ہر شعبہ زندگی کے لوگ پریشانی ہیں۔ توانائی کے بحران نے کم سن بچوں اور مریضوں کی زندگی بھی خطرے میں ڈال رکھی ہے۔ تاہم ایندھن کی کمی کے باوجود شہری اپنے معمولات زندگی کو جاری رکھنے میں نت نئے طریقے ایجاد کر رہے ہیں۔

ماضی میں مشرق وسطیٰ کے پیرس کا لقب پانے والے لبنان کو درپیش ایندھن کے بحران کی منہ بولتی ایک تصویر ان دنوں سوشل میڈیا پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ یہ تصویر ایک ڈاکٹر کی ہے جو ایک نوزائیدہ بچے کو اٹھائے ہوئے ہے۔ ڈاکٹر آپریشن گیئر کے بجائے سائیکلنگ ٹریک سوٹ میں مبلوس ہیں۔

لبنان میں امراض نسواں کے سرجن ڈاکٹر سلیمان کے ’فیس بک‘ پر پوسٹ کردہ اسٹیٹس میں انھوں نے نوزائیدہ بچے اور ٹریک سوٹ کے بارے میں وضاحت کی۔ اس کے بعد یہ تصویر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔

ڈاکٹر زکی نے بتایا کہ وہ اپنے گھرپر اس وقت ٹریک سوٹ میں تھے جب انہیں بیروت کے’رزق‘ اسپتال سے فون آیا کہ ایک خاتون کو زچگی میں پیچیدگی کے بعد اسپتال لایا گیا ہے جس کی سرجری ضروری ہے۔ لہذا وہ اس کیس کے لیے اپنی خدمات فراہم کریں۔ ڈاکٹر نے فوری طور پر اسپتال جانے کے لیے گاڑی اسٹارٹ کی مگر پٹرول نہ ہونے کے باعث گاڑی نہ چلی۔ چنانچہ وہ اسی ٹریک سوٹ میں اپنی سائیکل چلا کر اسپتال پہنچے۔

بچے کے لیے پیغام

نومولود الیاس کے ساتھ ٹریک سوٹ میں بنائی گئی تصویر کے حوالے سے ڈاکٹر زکی سلیمان کا کہنا تھا ’’میں اس بچے کی تصویر اپنے پاس محفوظ رکھوں گا تاکہ جب یہ بچہ بڑا ہو تو میں اسے بتاؤں کہ جب تم اس دنیا میں آئے تو ہمارا ملک ایندھن کے کیسے بدترین بحران کا شکار تھا اور تمہارا یہ ڈاکٹر تمہیں زندگی میں لانے کے آپریشن کے لیے ٹریک سوٹ پر سائیکل پر اسپتال آیا تھا۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں بچے کو بتاؤں گا کہ تم ایک ایسے دور میں پیدا ہوئے تھے جسے پٹرول، ادویات اور بجلی کی فراوانی کا دور کہا جاتا تھا مگر ہمارے ملک کے 90 فی صد شہری ان بنیادی سہولیات سے محروم تھے‘۔

پٹرول سے خالی کار

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر زکی سلیمان نے کہا کہ گاڑی میں پٹرول نہ ہونے کے باعث ان کے پاس اسپتال پہنچنے کے لیے سائیکل ہی واحد ذریعہ تھا جس کی مدد سے میں جلدی اسپتال پہنچ سکتا تھا۔ چنانچہ میں نے ایسا ہی کیا اور خاتون کی سرجری کے لیے سائیکل پر اسپتال کی راہ لی اور پٹرول کے حصول کا انتظار نہیں کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر زکی نے کہا کہ میں مذکورہ بچے کی ولادت سے چند روز قبل وطن واپس لوٹا تھا۔ میری گاڑی میں پٹرول نہیں تھا۔ اس لیے میں نے صبح عین سعادہ کے مقام سے بیروت کے رزق اسپتال تک سائیکل پر سفر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے نوزائیدہ بچے’الیاس‘ کے ساتھ اپنے ٹریک سوٹ میں بنی تصویر اس لیے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ اس وقت لبنان میں ڈاکٹروں، طبی عملے اور مریضوں کوایندھن کی قلت کی وجہ سے کتنی مشکلات کا سامنا ہے۔ نیز یہ کہ یہ بچہ جب اس دنیا میں آیا تو اس وقت لبنان میں ایندھن کا بحران اپنے عروج پر تھا۔

ایتھلیٹ ڈاکٹر زکی سلیمان اپنے مریض میں سائیکلنگ کے شوقین کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ وہ سائیکل پر اسپتال آتے ہیں، لیکن اس بار ایندھن کے بحران کی وجہ سے اسے ہنگامی کیس کے لیے بھی سائیکل ہی پر آنا پڑا۔

مقبول خبریں اہم خبریں