پرتگال سے تعلق رکھنے والے کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے امیر ترین فٹبالروں میں شمار ہوتے ہیں تاہم رونالڈو کی تمام دولت بھی انہیں برطانیہ میں دو ہفتوں سے جاری ایندھن کے بحران کے سبب ہونے والی مایوسی سے محفوظ نہ رکھ سکی۔ جی ہاں گذشتہ روز جمعرات کو رونالڈو کے نجی ڈرائیور نےBentley گاڑی میں پٹرول ڈلوانے کے لیے 6 گھنٹے اور 40 منٹ تک انتظار کیا۔ تاہم اس کے باوجود جب وہ واپس لوٹا تو 3 لاکھ ڈالر میں خریدی گئی گاڑی کی ٹنکی خالی تھی۔

برطانوی اخبار "دی سن" کے مطابق رونالڈو کا ڈرائیور دوپہر 2:20 پر فیول اسٹیشن پر پہنچا تھا۔ تاہم جب رات 9 بجے تک اس کی باری نہ آئی تو وہ مایوس ہو کر بارش میں مزید انتظار کے بجائے واپس لوٹ گیا۔ گاڑی میں صرف اتنا ہی ایندھن تھا کہ وہ رونالڈو کے بنگلے تک پہنچ سکے۔