ابوظبی میں اونٹوں کا مقابلۂ حسن 14 سے 21 دسمبر تک منعقدہوگا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

امارت ابوظبی میں اونٹوں کا مقابلۂ حسن 14 دسمبر سے شروع ہوگا اور یہ 21 دسمبر تک جاری رہے گا۔پہلے اونٹوں کی خوب صورتی کا یہ مقابلہ 23 دسمبر سے شروع ہونا تھا لیکن اب اس کا نودن قبل آغاز کیا جارہا ہے۔

مدینۃ الزاید میں منعقد ہونے والا اونٹوں کا مقابلہ حسن سالانہ ٱلظَّفْرَہ میلے کا حصہ ہے۔ اس میں حصہ لینے والے اونٹوں میں سے سب سے بہترکافیصلہ ان کی جسمانی خصوصیات کی بنا پرکیا جائے گا۔اس میں اصیل اور مجاحیم کے خون سے تعلق رکھنے والے خالص نسل کے اونٹ حصہ لیں گے۔

ٱلظَّفْرَہ میلے میں اونٹوں کی خوب صورتی کے چار مقابلوں کے لیے انعامی رقم مجموعی طور پرتین کروڑ ڈالر (11 کروڑاماراتی درہم)ہوگی۔

ابوظبی میڈیاآفس کے مطابق اونٹ میلے کے سرپرست ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے متحدہ عرب امارات کے بدوی ورثے کو فروغ دینے کے لیے انعامی رقم میں اضافہ کیا ہے۔

یہ میلہ فروخت کنندگان کو نیلامی اور انفرادی سودے بازی کے ذریعے اپنے خالص نسل کے اونٹوں کو بھاری قیمت پر بیچنے کاموقع بھی فراہم کرے گا۔

اونٹوں کے مقابلۂ حسن کے ساتھ ساتھ ٱلظَّفْرَہ میلے میں روایتی اماراتی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ بھی شامل ہوگا۔اس میں شاہینوں کے مقابلے ہوں گے؛قریباً300 عرب گھوڑے اور اونٹ دوڑ میں حصہ لیں گے۔ان کے مختلف مقابلوں کے لیے 2700 سے زیادہ کے انعامات رکھے گئے ہیں۔

یہ میلہ 22 جنوری 2022 تک ابوظبی کے مدینۃ الزاید میں جاری رہے گا۔ یہ اس سلسلے کا پندرھواں میلہ ہے اور یو ای اے کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پرمنعقد ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ خلیجی ریاستوں میں اونٹوں کے مقابلۂ حسن عام ہوتے جا رہے ہیں۔ان کے ذریعے اہل عرب اپنے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ اس کوجدیدیت میں تبدیلی کے عمل سے خطرات لاحق ہیں۔

ہمسایہ ملک سعودی عرب بھی دارالحکومت الریاض سے قریباً 100 کلومیٹرشمال میں دنیا کے سب سے بڑے شاہ عبدالعزیز شُترمیلے کی میزبانی کر رہا ہے۔توقع ہے کہ انعام یافتگان میں مجموعی طورپر 6کروڑ60 لاکھ ڈالر (25 کروڑ سعودی ریال) گھرلے جائیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں