ڈنمارک:پناہ گزین جوڑوں کی جدائی کا حکم دینے والی سابق وزیرکوجیل کی سزا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ڈنمارک میں مواخذے کی ایک عدالت نےامیگریشن کی سابق وزیرانگراسٹوژبرگ کو پیر کے روز ملک میں سیاسی پناہ کی تلاش میں آنے والے کم عمر جوڑوں کو جدا کرنے کے جرم میں قصور وار قرار دیا ہے اور انھیں یہ غیرقانونی حکم دینے پر 60 دن قید کی سزا سنائی ہے۔

اسٹوژبرگ پرالزام عاید کیا گیا تھا کہ انھوں نے جان بوجھ کر پناہ کی تلاش میں سرگرداں کم عمرشادی شدہ جوڑوں کو الگ کرنے کا حکم دیا تھا۔اس طرح انھوں نے قانون توڑا تھا اور ان کا یہ اقدام یورپی کنونشن برائے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی تھا۔الگ کیے جانے والے ان جوڑوں میں ایک کی عمر18 سال سے کم تھی۔

ڈینش اورانسانی حقوق کے قانون کے تحت ان جوڑوں کے کیسوں کا انفرادی سطح پرجائزہ لیا جانا چاہیے تھا۔اس کا مطلب یہ ہے کہ وزیرکا تمام کم عمر جوڑوں کو علاحدہ کرنے کا حکم غیرقانونی تھا۔ان کے حکم کے تحت کل 23 جوڑے الگ ہوئے تھے۔

لبرل پارٹی کی حکومت میں 2015ء سے 2019ء تک وزیر رہنے والی دائیں بازو کی سیاست دان نے باربار کوئی غیر قانونی حکم دینے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد بچّوں کی شادیوں کے رجحان کا خاتمہ اور کم عمر لڑکیوں کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔وہ ڈنمارک میں سیاسی پناہ کی تلاش میں آنے والوں کے سخت خلاف تھیں اور یہ سلسلہ روکنا چاہتی تھیں۔

استغاثہ کے وکلاء جان لاوریٹزن اور این برگٹ گامیلجورڈ نے عدالت کے باہرصحافیوں کو بتایا کہ ہم اس فیصلے سے مطمئن ہیں۔یہ ایک تاریخی کیس ہے۔اس سے قبل اسٹوژبرگ نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں اس توقع کا اظہارکیا تھا کہ انھیں کیس میں بری کیا جاسکتا ہے۔

یہ کیس اس وقت سامنے آیا تھاجب ایک شامی جوڑے نے 2014ءمیں ملک کے محتسب سے شکایت کی تھی کہ انھیں الگ الگ پناہ گزین مراکز میں رکھا گیا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ کمیشن نے،جسے’’چائلڈ برائیڈ کیس‘‘(بچہ دُلھن کیس)بھی کہا جاتا ہے، گذشتہ سال وزیرکے حکم کو’’واضح طورپرغیرقانونی‘‘قرار دیا تھا۔

26ججوں میں سے 25 نے اسٹوژبرگ کو مجرمہ قرار دینے پر اتفاق کیا۔1995 کے بعد ڈنمارک کی مواخذہ عدالت کا کسی سرکاری عہدہ دار کے خلاف یہ پہلا فیصلہ ہے۔170 سال سے زیادہ عرصے میں نارڈک ملک میں صرف چھٹی مرتبہ اپنی نوعیت کی مواخذہ عدالت لگائی گئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں