سعودی عرب ،مصراوریونان فٹ بال عالمی کپ 2030 کی مشترکہ میزبانی کے لیے کوشاں
سعودی عرب 2030ء میں کھیلے جانے والے فیفا فٹ بال عالمی کپ کے مقابلوں کی مشترکہ میزبانی کے لیے مصر اور یونان کے کھیلوں کے منتظمین کے ساتھ بات چیت کررہا ہے۔
مصر کی وزارت کھیل کے ترجمان محمد فوزی نے ایک ٹیلی ویژن انٹریومیں بتایا ہے کہ ’’تینوں ممالک عالمی کپ ٹورنا منٹ کی میزبانی کے حصول کے لیے مل کر کام کررہے ہیں اور 2030ء کے عالمی کپ کے انعقاد کے لیے مشترکہ درخواست کا جائزہ لیاجارہا ہے‘‘۔
انھوں نے اس بات پر زوردیا کہ مصراس طرح کے کھیلوں کے انعقاد کے لیے بہترین ممالک میں سے ایک ہوگا۔اس نے گذشتہ تین سال میں بہت سے عالمی مقابلوں کی میزبانی کی ہے۔
دوسری جانب یورپی کلب فٹ بال اور باکسنگ ورلڈ ٹائٹل مقابلوں سمیت بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی سعودی عرب کے ویژن 2030 حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
یونان کی ہیلینک فٹ بال فیڈریشن کے ذرائع نے ایتھنز میں اے ایف پی کو تصدیق کی ہے کہ تینوں ممالک 2030 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کی مشترکہ بولی پیش کرنے کے بارے میں بات چیت کررہے ہیں۔
برطانوی اخبار داٹائمز نے جمعرات کو خبردی تھی کہ اگر مذکورہ تینوں ممالک عالمی کپ کی میزبانی کے حصول میں کامیاب رہتے ہیں تو یہ ٹورنامنٹ شمالی موسم سرما میں منعقد کیا جائے گا تاکہ ان ممالک میں شدید درجہ حرارت سے بچا جا سکے جیسا کہ رواں سال قطر میں ہونے والے عالمی کپ کے معاملے میں ہوا ہے۔
مصر، یونان اور سعودی عرب کی جانب سے یہ مشترکہ بولی کم سے کم دو دیگر مشترکہ تجاویز کے مقابلے میں سامنے آئے گی۔
ارجنٹائن، چلی، پیراگوئے اور یوراگوئے نے اگست کے اوائل میں 2030 کے ورلڈکپ کی میزبانی کے لیے بولی کا آغاز کیا تھا جبکہ اسپین اورپرتگال نے گذشتہ سال اپنی مشترکہ امیدواری کا اعلان کیا تھا۔
جنوبی امریکا کی مشترکہ بولی کا مقصد مونٹی ویڈیو کے اسی سنٹیناریواسٹیڈیم میں 2030ء کے عالمی کپ کے فائنل کاانعقاد ہے جس نے ٹھیک ایک سو سال قبل منعقد کیے گئے پہلے عالمی کپ کے فائنل میچ کی میزبانی کا اعزازحاصل کیا تھا۔
اس وقت مشرق اوسط میں کھیلے جانے والے پہلے فیفا عالمی کپ کی الٹی گنتی جاری ہے۔اس کی میزبانی قطر نومبر میں کرے گا۔اس ٹورنامنٹ میں دس لاکھ سے زیادہ فٹ بال شائقین کی شرکت متوقع ہے۔
اگست میں اعلان کردہ اس کے میچوں کے شیڈول میں آخری لمحات میں تبدیلی کی گئی ہے۔اب یہ عالمی ٹورنا منٹ پہلے سے طے شدہ پروگرام سے ایک روزپہلے 20 نومبرکو شروع ہوگا۔