سعودی عرب میں ماؤنٹین پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

قمم انٹرنیشنل فیسٹیول فار ماؤنٹین پرفارمنگ آرٹس اپنے دوسرے ایڈیشن میں سعودی تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کے زیر اہتمام عسیر کے علاقے میں سات مقامات پر ایک ہفتے کے لیے شروع ہو گیا ہے۔

اس فیسٹیول میں ابھا کی آرٹ سٹریٹ میں گاڑیوں پر کارنیوال مارچ کا انعقاد دیکھا گیا جو حصہ لینے والے ممالک کی ثقافتی اور لوک داستانوں کے پہلوؤں کی تقلید کے لیے ڈیزائن کیے گئے تھے۔ روایتی اور مقبول ملبوسات پیش کئےگئے جو شریک ملکوں کی خصوصیات کو نمایاں کرتے ہیں۔ اس طرح فیسٹول نے خود میں ایک بھرپور تنوع کو سمیٹ لیا ہے۔ فیسٹیول میں 16 سعودی بینڈ اور 14 بین الاقوامی بینڈز حصہ لے رہے ہیں۔ یہ بینڈز سعودی عرب اور دنیا کے متعدد ملکوں سے پہاڑوں کی تقریباً 32 پرفارمنسز پیش کر رہے ہیں۔

ماؤنٹین پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول عسیر
ماؤنٹین پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول عسیر

تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کے سی ای او سلطان البازغی نے تصدیق کی ہے کہ یہ پہاڑی پرفارمنگ آرٹس میں مہارت حاصل کرنے والا پہلا بین الاقوامی میلہ ہے۔ یہ فیسٹول عسیر کے علاقے میں آثار قدیمہ کے ورثے کے مقامات کو متعارف کرانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس سال یہ میلہ ’’ بسطۃ القابل‘‘ ، مسقی میں ’’ ابوشہرہمحل‘‘، ’’شمسان قلعہ‘‘ ، تاریخی گاؤں ’’بن عضوان‘‘ تاریخی ’’ قصر مالک‘‘ ، ’’ آل مشیط‘‘ کے محلات اور ’’ ابو نقطہ المتحمی‘‘ کے قلعوں میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

کنسرٹس

سلطان البازغی نے کہا کہ اس فیسٹیول میں گانے کی محفلیں بھی ہو رہی ہیں جو اس لیے منفرد ہیں کہ وہ ممتاز آوازوں اور پرفارم کرنے والے گروپس کو جمع کر رہی ہیں۔ ان کنسرٹس میں آنے والے نوجوان ٹیلنٹ سے واقف ہوں گے۔ مملکت کے فنون لطیفہ، لوک داستانوں اور ورثے کی ایک منفرد مثبت تصویر پیش کی جائے گی۔ ایک مخصوص تہوار کے ماحول میں تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس کے شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ یہ میلہ معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور ثقافتی شعبے کی ترقی میں معاونت کر رہا ہے۔

عسیر میں ماؤنٹین فیسٹول
عسیر میں ماؤنٹین فیسٹول

فنون لطیفہ سے آگاہی

تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کے سی ای او نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ میلہ اس کامیابی پر استوار ہے جو اس نے پہلے ایڈیشن میں پیش کیا تھا۔ اس میلے کا مقصد مملکت اور دنیا میں فنون لطیفہ اور قدیم ورثے کے بارے میں آگاہی کی سطح کو بلند کرنا ہے۔ فیسٹول نے آنے والوں کو مملکت کی تاریخ، فنون، طریقوں اور اسے انجام دینے کے طریقے سے متعارف کرایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو اکٹھا کرنے میں ورثے کا اہم کردار ہے۔ لوگوں کو اکٹھا کرنا وہ بنیادی پیغام ہے جس پر قمم انٹرنیشنل فیسٹیول فوکس کرتا ہے۔ یہ فیسٹول عالمی ثقافتی نقشے پر مملکت کی پوزیشن کو مضبوط کرتا ہے۔

فوک لور پرفارمنگ آرٹس

قمم انٹرنیشنل ماؤنٹین پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول ابھا لٹریری کلب کے تعاون سے کئی ثقافتی پروگرام پیش کر رہا ہے۔ اس میں فوک لور پرفارمنگ آرٹس پر مقامی اور بین الاقوامی مقررین کے لیے سیمینارز اور تعلیمی ورکشاپس شامل ہیں۔ میلے کے مختلف مقامات بہت سے پروگراموں اور علاقوں کی میزبانی کرتی ہیں۔ ان پروگراموں میں فیشن نمائش، تھیٹر کی تقریبات، گاؤں والوں کے لیے سرگرمیاں، سامعین کے سامنے لائیو پرفارمنس کے لیے پلیٹ فارم، بچوں کا علاقہ، کاریگروں اور تحائف کے لیے نمائشیں اور دکانیں موجود ہیں۔ سب سے مشہور مقامی باورچیوں کے ذریعہ پیش کیے جانے والے لائیو کوکنگ ایونٹس ہیں۔ خاندانوں کے لیے مقامی کردار کے کچن اور ریسٹورنٹ کے لیے ایک مخصوص علاقہ رکھا گیا ہے۔ جدید نوعیت کے ریسٹورنٹ اور کیفے کے علاوہ زائرین مقامی ٹور اور سیر کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کوہ پیمائی اور لمبی چہل قدمی بھی کر سکتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں