’طواف میں تعطل پیدا کیے بغیر 20 منٹ میں صحن مطاف کی صفائی کی جاتی ہے‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین انسانی صلاحیتوں اور تکنیکی آلات کے ذریعے مسجد الحرام میں طہارت کے معیاربہتر بنانے کےلیے سرگرم ہے۔ مسجد الحرام میں صفائی ستھرائی کی ذمہ داری طہارت اور قالین شعبے کو دی گئی ہے جو چمڑے کے وائپرز، برش، تولیے، دھونے کے سامان اور جدید مشینری کا استعمال کرتے ہوئے جگہوں کو صاف کرنے؛ فرشوں اور داخلی راستوں کی صفائی کو یقینی بنانے، صحنوں اور راہ داریوں کو دھونے اور پانی کی نکاسی کے راستوں کی صفائی کو یقینی بنا رہی ہے۔

مسجد الحرام کے محکمہ طہارت و قالین کے ڈائریکٹر جابر بن احمد الودعانی نے کہا کہ صفائی کام کا نظام تکنیکی اور تیز رفتار طریقے سے انجام پاتا ہے جس سے حجاج کی نقل و حرکت میں کوئی رکاوٹ نہیں آتی ہے۔ پورے صحن مطاف کو صاف کرنے میں تقریباً 20 منٹ کے وقت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ صحن مطاف کی صفائی کا آغاز حجر اسود سے ہوتا ہے۔ اسے دھونے کے لیے خصوصی آلات اور صفائی کا مواد استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے آلات اور سامان کو استعمال کرنے کے بعد اسے خانہ کعبہ کے قرب و جوار میں اس کی مختص جگہ پر رکھا جاتا ہے۔ صحن مطاف کو دھونے کے بعد اسے خشک کیا جاتا ہے اور اس کے بعد اس پر پرفیوم کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔

الودعانی نے مزید کہا کہ صحن مطاف اور مسجد الحرام کی صفائی ستھرائی کا کام صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کے جنرل صدر الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز السدیس کی ہدایت کے مطابق انجام دیاجاتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں