زلزلے کے ملبے سے مسابقہ ’’عطر الکلام‘‘ تک، شامی انجینئر کی روح پرور تلاوت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

شام کا انجینئر اپنے شاندار قراءت کی بدولت زلزلہ کے بعد ملبے کے ڈھیر سے اٹھ کر سعودی عرب کے عالمی مقابلہ قرآن و اذان ’’ عطر الکلام‘‘ تک پہنچ گیا۔ تلاوت قرآن اور اذان کا یہ مقابلہ سعودی ’’جنرل اتھارٹی ف انٹرٹینمنٹ‘‘ کے اقدامات میں سے ایک ہے۔ محمد حسن الجلب شام میں اس قصبہ میں رہتے تھے جسے زلزلہ نے متاثر کیا تھا۔ ان مشکل حالات میں بھی حسن الجلب نے قرآن کریم کو خوبصورت انداز میں پڑھنے اور اپنی آواز کو اللہ کے کلام سے مزین کرنے کی کوشش جاری رکھی۔

دنیا کے سب سے بڑے تلاوت قرآن مجید کے مسابقے تک رسائی حاصل کرنے والے محمد حسن الجلب نے عمر کے 15 ویں برس تک پہنچنے سے بھی اللہ کی کتاب کو سینے میں محفوظ کر لیا تھا۔ قرآن کریم کی تلاوت کی اپنی سند کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک ملانے کے بعد انہوں نے علم تجوید اور لہجے کے قواعد سیکھے۔ معانی قرآن کو سمجھا اور تلاوت کے ’’مقامات‘‘ کو سیکھا۔

سعودی عرب میں ’’ عطر الکلام‘‘ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران انہوں نے بدھ کے روز کی قسط میں قرآن کی کیٹگری میں مراکش کے قاری زکریا الزیرک کے مد مقابل تلاوت فرمائی اور اپنی زندگی بھر کی محنت کے سبب اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں سبقت لے گئے۔ مسابقہ میں شریک قراء کرام مختلف لہجوں میں تلاوت کر رہے ہیں۔ ہر قاری کا پڑھنے کا انداز اور خصوصیات منفرد ہیں۔

’’ عطر الکلام‘‘ میں بدھ کے روز اذان کی کیٹگری میں الیکٹرانک پروڈکشن اور اشاعت میں مہارت رکھنے والے شام کے ہی احمد درویش نے سحر انگیز تلاوت کی۔ ان کے مد مقابل لبنان کے رھیف خالد الحاج تھے۔ احمد درویش نے صوتی کارکردگی، مقامات پر رسوخ اور آواز کے توازن کے بدولت اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔ ان کی اذان کی سماعت کرکے جیوری کے ارکان بھی ششدر رہ گئے۔

عطر الکلام میں جج حضرات
عطر الکلام میں جج حضرات

گزشتہ سال رمضان المبارک میں عالمی مسابقہ ’’ عطر الکلام‘‘ کا پہلی مرتبہ انعقاد ہوا تھا۔ اس سال مسابقہ کا دوسرا ایڈیشن ٹی وی چینل ’’ ایم بی سی ون‘‘ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’ شاہد‘‘ پر نشر کیا جاتا ہے۔

دوسرے ایڈیشن میں بھی تلاوت اور اذان کی دو کیٹگریز رکھی گئی ہیں۔ ہر کیٹگری میں پہلے دس پوزیشن ہولڈرز کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ مسابقے کے کل انعامات کی مالیت 12 ملین ریال ہے۔ رمضان المبارک کے دوران ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’ شاہد‘‘ پر یہ پروگرام روزانہ ریاض کے وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے اور پاکستان کے وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے نشر ہوتا ہے۔ اس پروگرام کو 90 ہزار سے زیادہ افراد نے سبسکرائب کرلیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں