کولمبیا کے چار سالہ بچے کی حیران کن گفتگو، ویڈیو پر لاکھوں تبصرے

بچہ اپنے مسائل بتا رہا، والدہ کو مشورے دے رہا، جذبات سے نمٹنے میں مشکلات کے متعلق بڑوں جیسی باتیں کررہا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

کولمبیا کے ایک چار سالہ بچے نے اپنی ماں سے جذباتی گفتگو کرکے دنیا کو حیران کردیا۔ بچے کی گفتگو کے اس ویڈیو کلپ نے "ٹک ٹاک" پلیٹ فارم پر تقریباً 18.5 ملین آراء حاصل کرلی ہیں۔ بچہ جذبات کے حوالے سے اپنی مشکلات بتا رہا اور والدہ کو مشورے بھی دے رہا ۔ بچے کی ذہانت پر مبنی گفتگو بڑوں کو بھی مات دیتی دکھائی دے رہی ہے۔

بچے نے سونے سے پہلے اپنی ماں کے ساتھ گفتگو کے ذریعے اپنی جذباتی ذہانت سے دنیا کو حیران کر دیا۔ اس گفتگو کو اس کے والد نے ایک ویڈیو کلپ کے ذریعے فلم بند کرلیا اور ویڈیو وائرل کردی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماں اپنے بچے کے سامنے بیٹھی اور اس کی باتیں سننے لگی اور اس سے پرسکون انداز میں بات کرنے کے لیے تبادلہ خیال کرنا شروع کر دیا۔ اس منظر کو دیکھ کر لگ رہا ہے جیسے یہ بڑوں کے درمیان کوئی بات چیت ہے۔

بچے نے اپنی ماں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جذبات سے نمٹنے میں مشکل کا سامنا کر رہا ہے۔ میں اداس تھا اور پھر میں نے کچھ ناراضی محسوس کی کیونکہ میں باہر نہیں جا سکتا تھا۔

ماں نے اپنے بچے کو یقین دلانے کی کوشش کی اور کہا "ہم سب بعض اوقات ناراضی محسوس کرتے ہیں اور ہمیں ہر وقت وہ نہیں ملتا جو ہم چاہتے ہیں۔‘‘

چھوٹے بچے نے اپنی ماں کو یہ جواب دے کر حیران کر دیا کہ "ماں کو ہمیشہ وہ نہیں ملتا جو وہ چاہتی ہے اور پاپا کو ہمیشہ وہ نہیں ملتا جو وہ چاہتے ہیں۔ لیکن بچوں کے لیے اس صورت حال سے نمٹنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ وہ ابھی بچے ہیں اور وہ اسے سمجھ نہیں سکتے۔ "

بچے نے بات جاری رکھی اور کہا "آپ جانتی ہیں ؟ ایک مرتبہ میری بہن نے میز سے پلیٹ گرا دی اور بابا غصے میں آگئے، لیکن میں نے ان سے کہا کہ ایک گہرا سانس لیں اور دانشمندانہ فیصلہ کریں۔"

بچے نے مزید کہا "ماضی میں میں نے تھوڑا غصہ کیا تھا لیکن تھوڑی دیر بعد میں نے بہتر محسوس کیا تھا۔"

بچے نے اپنی ماں کے ساتھ جذبات کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’غصہ اور ناراضی بھی بعض اوقات ہمیں بہتر محسوس کرنے میں مدد دیتے ہیں‘‘

اس حیران کن بچے نے اپنی ماں کے سامنے یہ اعتراف بھی کیا کہ جس دن اسے غصہ آیا اس دن اسے اپنے جذبات کے حوالے سے دقت محسوس ہوئی۔ بچے نے اس کے بعد نرمی سے اپنی ماں سے پوچھا ’’ میرے غصہ کرنے کے بعد بھی آپ مجھ سے پیار کرتی ہیں‘‘ ۔ ماں نے جواب دیا ’’ یقیناً میں تم سے پیار کرتی ہوں۔‘‘

ماں نے انکشاف کیا ہے کہ اس کا بچہ اکثر مجھے اس وقت پرسکون کرتا رہتا ہے جب اس کی چھوٹی بہن رو رہی ہوتی ہے۔ بچہ اس وقت یہ کہتا ہے کہ "بچوں کا کبھی کبھی رونا ٹھیک ہے۔"

والد نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اس نے اپنے بیٹے کو اپنے غصے کے ساتھ مشکل وقت سے گزرتے ہوئے دیکھا تھا۔ اس لیے میں نے اس کی ماں کے ساتھ ہونے والی گفتگو کو فلمانے کا فیصلہ کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں