لبنان میں اغوا ہونے والا سعودی شہری بخیریت ہے، 9 افراد گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

لبنان میں سعودی سفیر ولید بخاری نے تصدیق کی ہے کہ دو روز قبل اغوا ہونے والا سعودی شہری خیریت سے ہے اور اس کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے۔

دوسری جانب لبنان کے وزیر داخلہ بسام مولوی نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی شہری کے اغوا کے سلسلے میں 9 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے آج منگل کو ایک پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ سعودی شہری کے اغوا کے معاملے پر بہت توجہ دی گئی ۔ خصوصی آپریشن میں فوج نے مغوی کی رہائی کے لیے شمالی بیکا میں تلاشی لی اور اغوا کاروں کی نقل و حرکت اور رابطوں پر نظر رکھی گئی۔

بسام مولوی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مستحکم ہیں اور کوئی بھی انہیں غیر مستحکم نہیں کر سکتا اور لبنان ان عناصر کا مقابلہ کرے گا جو برادرانہ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کرے گا۔

لبنانی فوج نے آج دن کے آغاز میں سعودی شہری مشاری المطیری کی رہائی کا اعلان کیا اور وضاحت کی کہ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے ایک گشت نے لبنان اور شام کی سرحد پر کوالیٹیٹو آپریشن کے بعد اسے بازیاب کرایا۔

اس سے پہلے العربیہ کے ذرائع نے خبر دی تھی کہ سعودی شہری سعودی ایئر لائنز کے لیے کام کرتا ہے، اور اسے آخری بار بیروت کے مرکز میں واقع "البیال" کمپلیکس کے قریب دیکھا گیا تھا۔

اسے صبح کے وقت اپنے گھر جاتے ہوئے دو کاروں پہ سوار 7 افراد نے اغوا کر لیا گیا تھا جو فوجی وردی پہنے ہوئے تھے۔

تاوان کا مطالبہ

بعد میں اغوا کاروں نے اس کی رہائی کے بدلے چار لاکھ ڈالر تاوان دینے کا مطالبہ کیا۔

لبنان میں سعودی سفارت خانے نے کل شام ایک بیان میں کہا کہ اسے ایک شہری کے اہل خانہ کی طرف سے درخواست موصول ہوئی ہے، جس کا 28 مئی 2023 بروز اتوار کی صبح ان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

اگرچہ اغوا کا یہ واقعہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، خاص طور پر حالیہ عرصے میں لبنان کی اقتصادی صورت حال کی خرابی کی وجہ سے، لیکن عرب یا غیر ملکی شہریوں کے اغوا کے واقعات شاذ ونادر ہی دیکھے گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ دو سال قبل سعودی عرب اور لبنان کے درمیان تعلقات میں کچھ کشیدگی دیکھنے میں آئی تھی اور سعودی عرب نے 29 اکتوبر 2021 کو اپنے سفیر ولید البخاری کو واپس بلانے اور لبنانی سفیر کو مملکت سے رخصت کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس وقت بیروت کا سفر نہ کریں۔

تاہم، بعد میں سفیروں کی دوبارہ واپسی گذشتہ سال اپریل 2022 میں ہوئی۔

مقبول خبریں اہم خبریں