سعودی بین الاقوامی دستکاری ہفتےکا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں ہیریٹیج کمیشن کے زیر اہتمام سعودی بین الاقوامی دستکاری ہفتےکا آغاز منگل کو ہو گیا۔ اس کی سرگرمیاں 12 جون تک جاری رہیں گے۔

اس دستکاری ہفتے کا مقصد دستکاروں کے تخلیقی کام کو اجاگر کرنا اور ملک کے ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔

دستکاری ہفتے کی افتتاحی تقریب ریاض فرنٹ میں منعقد ہوئی۔

دستکاری ہفتے کے دوران کاریگر 11 میدانوں میں اپنے کام کی نمائش اور اسے فروخت کرسکتے ہیں۔ ان میں دھات، ٹیکسٹائل، کھجور، چمڑے، لکڑی اور مٹی کے برتن، بائنڈنگ اور گلڈنگ ، زیورات، اور دستی کڑھائی شامل ہیں۔

وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان ، نائب وزیر ثقافت حامد فایز ، ہیریٹیج کمیشن کے سی ای او، جاسر الحربش اور مقامی اور بین الاقوامی ماہرین اور کاریگروں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

نائب وزیر ثقافت نے تقریب سے خطاب کے دوران تخلیقی فن پاروں اور دستکاریوں کو اجاگر کرنے، مملکت کے ثقافتی ورثے کو متعارف کرانے اور دستکاری کی مہارتوں اور تخلیقات کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم فراہم کرنے میں سعودی بین الاقوامی دستکاری ہفتہ کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

نائب وزیر نے دستکاریوں کے اقتصادی اور ثقافتی پہلوؤں پہ بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ملازمت کے متلاشیوں کے لیے یہ ایک اہم میدان ہے جس میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی ہیں، اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور قومی تشخص کو مضبوط بنانے میں بھی ان کا اہم کردار ہے۔

سعودی بین الاقوامی دستکاری ہفتہ ریاض فرنٹ میں 18,000 مربع میٹر کے رقبے میں منعقد ہوا جسے ثقافتی اور روایتی طرز سے تعمیر کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب میں ایک خصوصی میوزیکل کنسرٹ، قدیم دستکاریوں کے بارے میں ایک دستاویزی فلم اور سینکڑوں سال قبل دستکاری کی وراثت کی کہانی پیش کی گئی۔

"دستکاری ہفتہ" کے ساتھ ایک نمائش، اور عرب شاعری کے لیے ایک پویلین کے علاوہ، ہیریٹیج اتھارٹی نے ایک کرافٹ ولیج بھی قائم کیا ہے۔

یہاں مربوط ایپلیکیشن ٹولز کے ساتھ بچوں کا علاقہ اور ورکشاپس بھی رکھی گئی ہیں۔ جہاں بچوں کے لیے انٹرایکٹو سرگرمیاں ہوں گی، جو نوعمروں کو ورثے اور دستکاری کی طرف راغب کرتی ہیں۔

سعودی بین الاقوامی دستکاری ہفتہ اس تمام ہفتے سیاحوں کے لیے شام 4 بجے سے رات 11 بجے تک کھلا رہے گا جبکہ بدھ، 7 جون کو یہ دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک سیاحوں کی آمد کے لیے کھلا رہے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں