’’شہزادی ڈیانا کے 'بلیک شیپ' جمپرکو رواں برس موسم گرما کےاختتام پرنیلام کردیاجائے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

برطانیہ کی آنجہانی شہزادی لیڈی ڈیانا کے استعمال میں رہنے والا ایک جمپر امسال گرمیوں کے اختتام تک اندازاً 80,000 امریکی ڈالر کے عوض نیلامی کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ اس مشہور جمپر پر سیاہ بھیڑ کی تصویر بنی ہوئی ہے جو سرخ بھیڑوں کے جلو میں اکیلی کھڑی منفرد دکھائی دیتی ہے۔

اونی کپڑوں کے برانڈ، وارم اینڈ ونڈرفل کے ڈیزائن کردہ سویٹر کو اس سال کے آغاز میں برانڈ کے ایک بانی نے ایک بالاخانے سے دوبارہ دریافت کیا تھا۔ یہ Sotheby's فیشن آئیکونز کی 31 اگست تا 14 ستمبر کی آن لائن فروخت میں رکھا جائے گا۔

سفید بھیڑوں کی قطار میں ایک تنہا سیاہ بھیڑ کی تصویر والا سرخ جمپر شہزادی ڈیانا نے پہلی بار اس وقت پہنا تھا جب وہ جون 1981 میں شہزادہ چارلس کو ایک پولو میچ کھیلتے ہوئے دیکھ رہی تھیں۔ یہ ان دونوں کی شادی سے صرف ایک ماہ پہلے کی بات تھی۔ اس سویٹر کی ممکنہ اہمیت پر قیاس آرائیاں بھی ہوئیں۔

کلائی والی جگہ سے سویٹر خراب ہو جانے کے بعد شہزادی کے ذاتی سیکریٹری اولیور ایویرٹ نے وارم اینڈ ونڈرفل کے شریک بانی، جوانا اوزبرن کو خط لکھ کر پوچھا کہ کیا اس کی مرمت ہو سکتی تھی اور اسے واپس بھیج دیا۔ چند ماہ بعد ڈیانا کو ایک نیا متبادل سویٹر بھیج دیا گیا جسے انہوں نے 1983 کی تصاویر میں پہنا ہوا تھا۔

مارچ میں ان کے بالاخانے کے ایک صندوق میں اصل سویٹر اوزبرن کو ملا

Sotheby's کی فیشن کی عالمی سربراہ، سنتھیا ہولٹن نے پیر کو لندن میں ایک پریس پری ویو میں رائٹرز کو بتایا کہ "اگر آپ شہزادی ڈیانا ہیں تو یقیناً منتخب کرنے کے لیے آپ کے پاس کافی زیادہ ملبوسات ہوں گے۔ اور یہ بات کہ وہ اس کا ایک متبادل چاہتی تھیں جو انہوں نے دو سال بعد دوبارہ پہنا تھا، اس سے واقعی واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سویٹر ان کے لیے کتنا اہم تھا۔

اس جمپر اور اوزبرن کو لکھے گئے ایورٹ کے دو خطوط کو اندازاً پچاس ہزار سے اسی ہزار ڈالر کے عوض فروخت کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں اس سال Sotheby’s نے ڈیانا کا پہنا ہوا ایک مخملی کاسنی سٹریپس کے بغیر، شام کو پہننے والا گاؤن فروخت کیا جو وکٹر ایڈلسٹین نے 1989 کی موسم خزاں کی کولیکشن کے لیے ڈیزائن کیا تھا۔ یہ چھے لاکھ امریکی ڈالر سے کچھ زیادہ کے عوض فروخت ہوا جو اس کی نیلامی سے پہلے کی قیمت سے پانچ گنا زیادہ تھا۔

جمپر اور خطوط Sotheby’s لندن میں بدھ تک نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ انہیں نیویارک میں ستمبر میں شو کے لیے پیش کیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں