حماس کے زیر حراست تین خواتین کی ویڈیو جاری

ویڈیو میں دکھائی دینے والی خاتون جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا انتہائی برہمی سے کہتی ہیں کہ ’کیا آپ نے پہلے ہی کافی لوگوں کو قتل نہیں کر لیا؟ کیا پہلے ہی بہت سے اسرائیلی شہری قتل نہیں ہو چکے؟‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

حماس کی قید میں موجود اسرائیلی شہریوں میں سے تین خواتین نے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آپ کی پوزیشن کا مطلب یہ کہ آپ چاہتے ہیں ہم مارے جائیں۔‘

حماس کی جانب سے پیر کو ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں تین خواتین کو دیکھا جا سکتا ہے جو کہ اسرائیلی شہری ہیں۔ حماس کی جانب سے جاری 76 سیکنڈ کی ویڈیو میں دکھائی گئی خواتین کی فوری طور پر شناخت نہ ہو سکی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حماس نے ویڈیو میں تین خواتین دکھائی ہیں۔ تاہم انہوں نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ تمام زیر حراست افراد کی رہائی کے لیے معاہدہ کرے۔

اس ویڈیو میں ان خواتین میں سے ایک کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’ہمیں قید میں 23 دن گزر چکے ہیں۔ اب جنگ کو ختم ہونا چاہیے۔‘ وہ خاتون کہتی ہیں کہ ’گذشتہ روز اغوا ہونے والوں کے خاندان کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کی گئی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ جنگ بندی ہونی تھی۔‘’آپ (بنیامین نیتن یاہو) ہمیں چھڑوانے والے تھے۔ آپ کو ہمیں چھڑوانا چاہیے۔‘وہ مزید کہتی ہیں کہ ’اس سب کے بجائے ہم آپ کی سیاست، سکیورٹی اور فوجی افراتفری میں گھسیٹے جا رہے ہیں۔‘

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’کیوں کہ آپ نے سات اکتوبر کو جو گند پھیلایا ہے۔ کیوں کہ وہاں پر کوئی فوج نہیں تھی۔‘ ’کوئی نہیں آیا۔ کسی نے ہماری آواز نہیں سنی۔ ہم معصوم شہری جو اسرائیل کی ریاست کو ٹیکس دیتے ہیں یہاں شیوی میں بے حال بیٹھے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ ہمیں قتل کر رہے ہیں۔ آپ ہم سب کو قتل کرنا چاہتے ہیں۔ آپ ہم سب کو قتل کرنے کا کوئی راستہ ڈھونڈنا چاہتے ہیں۔‘

ویڈیو میں دکھائی دینے والی خاتون جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا انتہائی برہمی سے کہتی ہیں کہ ’کیا آپ نے پہلے ہی کافی لوگوں کو قتل نہیں کر لیا؟ کیا پہلے ہی بہت سے اسرائیلی شہری قتل نہیں ہو چکے؟‘

’ہمیں آزاد کروائیں۔ ہم سب کو آزاد کروائیں۔ ان کے قیدیوں کو آزاد کروائیں۔ ہمیں اپنے خاندان کے پاس واپس بھجوائیں اور ابھی بھجوائیں۔ ابھی!‘

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے پیر کو حماس کی اس ویڈیو کو ’ظالمانہ نفسیاتی پروپیگنڈا‘ قرار دیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں