11 مارچ کو پہلے روزے والے ملکوں میں عید الفطر 10 اپریل کو متوقع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

مصری فتویٰ ہاؤس نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ 1445 ہجری کے ماہ شوال کے چاند کے جائز ہونے کی تصدیق 29 رمضان المبارک بروز پیر 8 اپریل 2024 کو کرے گا تاکہ عید کی تاریخ کا تعین کیا جا سکے۔ تاہم رمضان المبارک کے اختتام پر عید الفطرکے تعین کے لیے عالمی فلکیات مرکز نے اپریل کی دسویں تاریخ مقرر کر دی ہے۔ امارات میں قائم بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے "ایکس" پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ چاند نظر آنے کے لحاظ سے بیشتر ممالک میں عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہوگی۔

امارات میں قائم عالمی فلکیاتی مرکز نے اپنے بیان میں کہا کہ جن ملکوں میں رمضان المبارک کا مہینہ 11 مارچ بروز سوموار سے شروع ہوا وہ 8 اپریل بروز پیر کو چاند کی رویت کا اہتمام کریں گے تاہم اس دن چاند دیکھنا ناممکن ہے کیونکہ چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا۔ اسی لیے یہ ممالک تیس دن روزے رکھ کر 10 اپریل بدھ کو عید منائیں گے۔ مرکز نے ایک نقشہ بھی پیش کیا جس میں یہ چیز واضح کی گئی کہ دنیا کے تمام خطوں سے 9 اپریل بروز منگل شوال کا چاند کس حد تک دیکھا جا سکتا ہے۔

9 یا 10 اپریل

کونسل آف سینئر سکالرز کے رکن اور سعودی شاہی عدالت کے مشیر رہنے والے شیخ عبداللہ بن سلیمان المنیع نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ 10 اپریل بروز بدھ شوال کا پہلا دن ہے۔ اس سال رمضان تیس دن کا متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شوال کا مہینہ بدھ یعنی 10 اپریل 2024 کو شروع ہو رہا ہے۔ شوال کے دنوں کی تعداد 29 رہنے کا امکان ہے۔

مصری فتویٰ ہاؤس نے وضاحت کی ہے کہ وہ شوال 1445 کے چاند کے سروے کی تصدیق 29 رمضان المبارک پیر کے روز 8 اپریل 2024 کو کرے گا۔ چاند نظر آگیا تو عید الفطر منگل 9 اپریل کو ہوگی۔ چاند نظرنہ آیا تو عید کا پہلا دن بدھ 10 اپریل کو ہوگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں