رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نماز عیدالفطر فیصل مسجد اسلام آباد میں پڑھائیں گے اور عید یتیم بچوں کے ساتھ منائیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ آج بروز اتوار کی شب پاکستان پہنچیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ پاکستان میں عیدالفطر سمیت نو دن گزاریں گے۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نماز عیدالفطر فیصل مسجد اسلام آباد میں پڑھائیں گے اور عید یتیم بچوں کے ساتھ منائیں گے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سعودی عرب کے ممتاز عالم دین ہیں۔ انہیں 2022 کے حج کے موقع پر خطبہ دینے کا اعزاز حاصل ہے۔

حکومت پاکستان، پاک سعودی عرب برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے پر انہیں ہلالِ پاکستان کا اعزاز عطا کر چکی ہے۔ انہوں نے دو برس قبل بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اسلام آباد میں سیرت النبی میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ سیرت النبی میوزیم پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید ترین میوزیم ہو گا، جس کا مقصد پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی اور تعلیمات کے بارے میں تفہیم اور احترام کو فروغ دینا ہے۔‘

معزز مہمان پاکستانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں بھی شریک ہوں گے۔

ان کی ملاقات صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائر عیسیٰ اور وزیر مذہبی امور سے ہونے کی توقع ہے۔ ان ملاقاتوں کے دوران دو اطراف سے سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رابطہ عالم اسلامی ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ہے جس کا صدر دفتر مکہ مکرمہ میں ہے۔ تمام اسلامی ممالک اور فرقے اس کے اراکین ہیں۔

اس کا مقصد اسلام کے حقیقی پیغام کی وضاحت کرنا، اسلام اور اس کے رواداری کے اصولوں کو پیش کرنا، انسانی امداد فراہم کرنا، سب کے ساتھ مکالمے اور تعاون کو بڑھانا ہے۔

رابطہ عالم اسلامی کی بنیاد جنرل اسلامک کانفرنس کے اجلاس کے دوران منظور کی گئی قرارداد کے مطابق رکھی گئی جو کہ 14 ذوالحجہ 1381 ہجری کو 18 مئی 1962 کو مکہ مکرمہ میں منعقد ہوئی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size