اہرام مصر کے جلو میں ارب پتی بھارتی نژاد امریکی شہری کی شادی

زاہی حواس نے العربیہ کو شادی کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ارب پتی بھارتی نے شادی کی چار روزہ تقریبات میں تیس لاکھ ڈالر صرف کئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

ارب پتی بھارتی نژاد امریکی برنس مین انکور جین مشہور زمانہ ماڈل اریکہ ہاموند کے ساتھ مصر کے شہر جیزہ کے تاریخی علاقے میں رشتہ ازواج میں منسلک ہو گئے۔

انتہائی شان وشوکت سے رچائی جانے والی شادی کی عبقری تقریب صدیوں پرانے اہرام مصر کے جلو میں منعقد ہونے کی وجہ سے یادگار بن گئی۔

چونتیس سالہ دلہا جین کی اپنی بتیس سالہ دلہن ہاموند کے ہمراہ شادی کی تقریبات قاہرہ کے تاریخی علاقے میں چار روز جاری رہیں جن میں دنیا بھر سے 130 چنیدہ مہمانوں نے شرکت کی۔

مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق شادی کی اولین شب ’’ماڈرن قاہرہ‘ کے عنوان کے تحت مشہور محمد علی پیلس میں ہوئی۔ شادی میں دنیا بھر سے نمایاں شخصیات بشمول لانس باس اور ان کے شوہر مائیکل تورچین، رابن تیک اور ان کی بیگم اپریل لو جیری، معروف سرمایہ کار کیون او لیری اور ان کی اہلیہ لینڈا، انفلوئنسر سیرینا کریگن نے شرکت کی۔

مصر کے سابق وزیر آثار قدیمہ زاہی حواس نے شادی کی تفصیلات سے العربیہ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ منفرد تقریب مختلف تاریخی مقامات پر چار روز جاری رہی۔ جن مقامات پر شادی کی مختلف تقریبات منعقد کی گئیں ان میں کچھ ایونٹس ابو الھول، محمد علی پیلس پر منعقد ہوئے جبکہ اختتامی تقریب گولڈن جزیرہ اور رمسیس دوم کے مجسمے کے جلو میں ہوئی۔

زاہی حواس کے مطابق رمسیس دوم کے مجسمے کے قریب تقریب منعقد کرنے کا کرایہ دو لاکھ ڈالر وصول کیا جاتا ہے۔ بھارتی نژاد ارب پتی امریکی شہری نے اپنی شادی پر تیس لاکھ ڈالر صرف کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ دلہا انکور جین سے ان کے دوستانہ مراسم ہیں اس حوالے ان کی شادی مصر میں منعقد ہونے والا اعلی پائے کا میلہ تھا۔

انکور جین بیلٹ ریوارڈ کے سی ای او ہیں، ان کے منفرد ’کایروس‘ پروگرام کے ذریعے مکانات کرائے پر حاصل کرنے پر مستاجرین کو پوائنٹس ملتے ہیں جسے وہ بعد ازاں اپنا مکان تعمیر کرنے کے لئے بطور سرمایہ استعمال کر سکتے ہیں۔

ان کی دلہن اریکہ ہاموند فیشن ڈیزائنر، فٹنس ٹرینر کے ساتھ ساتھ امریکہ میں پیشہ وارنہ ریسلنگ سٹار کے طور پر جانی جاتی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں