.

لبنانی عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے سعودی سفیر بیروت ایئرپورٹ پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان میں سعودی سفیر ولید بخاری نے جمعرات کے روز بیروت کے رفیق الحریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے لبنانی عازمین حج کے دستوں کو الوادع کیا۔ اس موقع پر لبنان کے دارالافتاء میں اسلامی اوقاف کے ڈائریکٹر شیخ محمد انیس اروادی اور متعدد میڈیا پرسنز بھی موجود تھے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی SPA کی جانب سے نشر کردہ بیان میں ولید بخاری نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پر مملکت کی اولین ترجیح اللہ کے مہمانوں کی مکمل دیکھ بھال ہے تا کہ ان مہمانوں کو اعلی ترین خدمات فراہم کر کے ان کے لیے فریضہ حج کی ادائیگی کو حتی الامکان آسان بنایا جائے۔

ولید بخاری کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں سعودی سفارتی مشنوں اور قونصل خانوں نے کامیابی کے ساتھ الکٹرونک ویزوں کا اجرا کیا۔ یہ پروگرام سعودی عرب کے ویژن 2030 منصوبے کے ضمن میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

سعودی سفیر نے لبنانی عازمین حج کے امور کو آسان بنانے کے واسطے بھرپور توجہ دینے پر لبنانی وزیراعظم سعد حریری اور دیگر عہدے داران کا شکریہ ادا کیا۔

ادھر شیخ محمد انیس اروادی نے مملکت کی جانب سے اللہ کے مہمانوں کے لیے پیش کی جانے والی خدمات اور سہولیات پر خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے تشکر اور ممنونیت کا اظہار کیا۔ شیخ اروادی نے لبنان میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے پیش کی جانے والی سہولیات کو خصوصی طور پر سراہا۔ ان سہولیات کے باعث حج درخواستوں کو بنا کسی پیچیدگی کے پایہ تکمیل تک پہنچا دیا گیا۔

بعد ازاں سعودی سفیر نے لبنانی عازمین حج کے درمیان قرآن کریم کے نسخے اور گلاب کے پھول تقسیم کرتے ہوئے حج مبرور کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔