.

حج کے دوران سیکیورٹی برقرار رکھنے والے دستوں کی شاندار پریڈ: تصاویر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور حج سپریم کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزيز بن سعود بن نايف نے اتوار کے روز حج سیکورٹی فورسز کی شاندار سالانہ عسکری پریڈ دیکھی۔ مذکورہ فورسز کا مقصد حجاج بیت اللہ کی حفاظت کرنا اور مناسک کی ادائی کے لیے ان کو پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔ پریڈ میں حج سیکورٹی فورسز میں شریک تمام دستوں اور حج مشن میں استعمال ہونے والے تمام جدید آلات اور مواصلات کے ذرائع شامل تھیں۔

وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کے زیر سرپرستی ہونے والی اس تقریب میں مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر جنرل خالد بن قرار الحربی نے اپنے خطاب میں باور کرایا کہ "حج سیکورٹی فورسز تمام سیکورٹی منصوبوں پر عمل درامد اور اپنے مشن کو انجام دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ حج سیزن 1440 ہجری کے لیے تمام متعلقہ ادارے اعلی درجے پر اپنی خدمات پیش کرنے کے حوالے سے مستعد ہیں۔ دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو مکمل طور پر پرسکون ماحول فراہم کیا جائے گا اور اس دوران کسی بھی طرح کی تخریب کاری یا شرپسندی کی کارروائی کو بھرپور طریقے سے روکا جائے گا"ـ