.

سعودی محکمہ ڈاک کی حجاج کا سامان ان کے گھروں تک پہنچانے کی سروس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کا تقریبا ہر سرکاری محکمہ حج کے موقع پر اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ دیگر اداروں کی طرح سعودیہ کا محکمہ ڈاک بھی اندرون ملک سے مکہ پہنچنے والے عازمین حج کو ایک نئی سہولت دے رہا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی ڈاک سروس کی طرف سے 'بیگ کے بغیر حج' کے عنوان سے ایک نیا پروگرام شروع کیا۔ اندورن ملک سے آنے والے عازمین حج کو اپنے ساتھ بھاری بھرکم بیگ لانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ سعودی محکمہ ڈاک اندرون ملک حجاج کرام کے گھروں تک ان کا سامان خود پہنچائے گا۔ یہ سروس سعودی عرب کے اقتصادی ویژن 2030ء کا حصہ ہے۔ محکمہ ڈاک مکہ معظمہ میں اندرون ملک کے حجاج کرام کا سامان ان کے خیموں اور قیام گاہوں سے اٹھا کر ان کے گھروں کی دہلیز تک پہنچائے گا۔

محکمہ ڈاک دو طرح سے کام کرے گا۔ اندرون ملک مکہ سے سامان کو حاجی کے متعلقہ علاقے کے ڈاک خانے تک پہنچائےگا۔ اس کے بدلے میں اسے محکمہ پوسٹ کو 53 ریال ادا کرنا ہوں گے۔ دوسرا آپشن سامان کو مکہ سے اٹھا کر حاجی کے گھر تک پہنچانے کا ہے جس کی فیس 105 ریال رکھی گئی ہے۔

محکمہ ڈاک کی طرف سے سعودی عرب کے اندر سے آنے والے عازمین حج کے لیے یہ لاجسٹک معاونت ان کا بوجھ کم کرنے کی منفرد سہولت ہے۔