.

سعودی خواتین کی 'ترجمان' ایپ، حجاج کرام کے لیے منفرد سروس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ماہرپانچ خواتین نے حجاج کرام کی ان کی اپنی زبانوں میں رہ نمائی کے لیے ایک ایسی ایپ تیار کی ہے جو حجاج کو ان کی اپنی زبان میں حج، مشاعر مقدسہ اور دیگر اہم مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی ان پانچ ہونہار بیٹیوں نے ایک ہی مشن اور چیلنج کو اپناتے ہوئے جدہ شہر میں اپنے منصوبے کا آغاز کیا اور پھر دن رات اپنے مشن کو کامیاب بنانے کے لیے ایک کر دیے۔ انہوں نے اس منفرد ایپ کو 'ترجمان' کا نام دیا اور مقررہ وقت کے اندر اندر اسے تیار کر کے حجاج کرام کو ایک نئی سہولت فراہم کر دی۔

ان پانچوں سعودی ماہر خواتین نے سائبر سیکیورٹی پروگرامز اور ڈرونز کی نیشنل فیڈریشن کے زیراہتمام ہونے والے ایک مقابلے میں حصہ لیا۔ اپنی موبائل ایپ کے حوالے سے 'گوگل' اور 'ایپل' جیسی کمپنیوں کے ماہرین کی موجودگی میں اپنی ایپ کا دفاع کیا اور سعودی سائبر سیکیورٹی فیڈریشن کی طرف سے ایک ملین سعودی ریال مالیت کا ایوارڈ جیت لیا۔ حجاج کرام کے لیے منفرد ایپ تیار کرنے والی ان پانچ موجدات سماھر الھذلی، رغدہ قاضی، بیان الغامد، روام المطرفی اور ریھام مرغلانی کا کہنا ہے کہ وہ حجاج کرام کو ایک نئی سہولت دینا چاہتی تھیں جس میں وہ کامیاب رہی ہیں۔

اس ایپ کی اچھی بات یہ ہے کہ یہ انٹرنیٹ کے استعمال کے بغیر حجاج کرام کو ان کی اپنی زبانوں میں رہ نمائی بہم پہنچاتی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے روان نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسا بیج بونا تھا جو قومی سپورٹ کا ذریعہ بن سکے۔ ہم نے یہ ثابت کیا ہے کہ سعودی عرب کی تعمیرو ترقی اورعلمی میدان میں صرف مرد نہیں بلکہ خواتین بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔ ہماری کامیابی کے پیچھے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہید کی خواتین کی حوصلہ افزائی کی پالیسی کار فرما ہے۔ خادم الحرمین اور ولی عہد نے خواتین کے لیے کئی شعبوں میں خدمات کے لیے دروازے کھول کر خواتین کی تمنائوں کو عملی شکل دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں روان نے کہا کہ 'ترجمان' ایپ عربی کے علاوہ 10 دوسری زبانوں انڈونیشی، ملاوی، فلپائنی، ہندی، اردو، بنگالی، فرانسیسی، ترکی، روسی اور انگریزی زبانیں بولنے والے عازمین حج کی مدد کرے گی۔ مشاعر مقدسہ میں 'ترجمان' ایپ کی 400 چپس فراہم کی گئی ہیں جو منیٰ، مزدلفہ، عرفات اور مسجد حرام میں حجاج کرام کی رہ نمائی کریں گی۔