.

حجاج کرام کی گاڑیاں ٹھیک کرنے کے لیے سعودی رضاکاروں کی ٹیم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے رضاکاروں پر مشتمل ٹیم رواں سال حج سیزن کے دوران ایک رضاکارانہ پروگرام پر عمل درامد کر رہی ہے۔

اس رضاکارانہ پروگرام کے تحت بیت اللہ آنے والے حجاج کرام کی خراب ہو جانے والی گاڑیوں کے لیے مرمت کی خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔ مکہ مکرمہ میں انٹرمیڈیٹ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر اور رضاکارانہ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو انجینئر سفر الغامدی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ مذکورہ رضاکارانہ پروگرام میں مکہ مکرمہ کے انٹرمیڈیٹ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ اور ٹیکنیکل کالج کے طلبہ اور انجینئرز شریک ہیں۔ یہ پروگرام مکہ مکرمہ ریجن میں ٹیکنیکل اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کی عام انتظامیہ کے زیر نگرانی چل رہا ہے۔

الغامدی کے مطابق پروگرام میں خدمات فراہم کرنے کے لیے 4 گاڑیاں ہیں جن کو ہائی وے پر ہنگامی مرمت اور جلد دیکھ بھال کے مقاصد کو سامنے رکھ کر تمام تر مطلوبہ سامان سے مکمل طور پر لیس کیا گیا۔ اس پروگرام میں حجاج کرام کی خدمت کے واسطے مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں، الحرمین روڈ اور اسی طرح فورتھ سرکل روڈ، اللیث کی جنوبی روڈ وار مدینہ منورہ کی روڈ کو شامل کیا گیا ہے۔

ہر گاڑی میں ایک انجینئر اور تین تربیتی ٹیکنیشن موجود ہوتے ہیں۔ یہ لوگ مکہ مکرمہ آنے والے ہائی ویز پر خراب ہو جانے والی کسی بھی گاڑی کو سپورٹ اور مدد پیش کرتے ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پروگرام کے تحت 24 گھنٹے خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ الغامدی کے مطابق رضاکارانہ ٹیم نے گذشتہ دنوں کے دوران 276 گھنٹے رضاکارانہ خدمات پیش کیں۔