سعودی عرب میں سکیورٹی حکام نے تین افراد کو حج سیزن کے لیے جاری کردہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
ان تینوں افراد نے وزارت داخلہ کے اس مرتبہ حج کے لیے جاری کردہ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کسی اجازت نامے کے بغیرمکہ مکرمہ میں مقامات حج کی جانب جانے کی کوشش کی تھی۔وزارت داخلہ کے قواعد کے تحت ان پر فی کس 10 ہزار ریال (2700 ڈالر) تک جرمانہ عاید کیا جاسکتا ہے۔
حج سکیورٹی فورسز کی کمان کے سرکاری ترجمان بریگیڈیئر جنرل سامی الشویریخ نے تمام سعودی شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ حج کے لیے جاری کردہ قواعد وضوابط کی پاسداری کریں۔انھوں نے واضح کیا ہے کہ جو کوئی بھی بلااجازت المسجد الحرام یا حج کے دیگر مقامات منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں جانے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف سکیورٹی اہلکار فوری کارروائی کریں گے۔
اس مرتبہ حج کے ایام کے دوران میں 17 سے 22جولائی تک کووِڈ-19 کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سعودی وزارت داخلہ نے ’المسجدالحرام، اس کے اطراف کے مقامات اور مشاعرمقدسہ (منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات)میں کسی بھی غیرمجاز شخص کے داخلے پر پابندی عاید کررکھی ہے اور جو کوئی بھی ان مقدس مقامات میں غیرمجازجانے کی کوشش کرے گا،اس پر بھاری جرمانہ عاید کیا جائے گا۔