حج وعمرہ

کوِڈ-19ضوابط توڑ کرمنیٰ آنے والے 9غیرمجازفراد کو10 ہزارریال فی کس جرمانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے کوِڈ-19 کی پابندیوں کی خلاف ورزی کے مرتکب اورکسی اجازت نامے کے بغیرحج کی کوشش کرنے والے 9 افراد کو10 ہزار ریال (2666 ڈالر) فی کس جرمانہ عاید کیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق ان افراد نے کسی اجازت نامہ کے بغیر فریضہ حج ادا کرنے کے لیے عازمین حج میں شامل ہونے کی کوشش کی تھی۔انھیں عازمین حج کی خیمہ بستی منیٰ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

Advertisement

حج سکیورٹی فورسز کے ترجمان بریگیڈیئرجنرل سامی الشویریخ نے کہا ہے کہ جو کوئی بھی غیرمجاز شخص 17 سے 22جولائی تک حج کے ایام میں مکہ مکرمہ ،مسجد الحرام ،اس کے مضافات اور مشاعر مقدسہ منیٰ ،عرفات اورمزدلفہ تک پہنچنے کی کوشش کرے گا،اس پربھاری جرمانہ عاید کیا جائے گا۔

انھوں نے تمام سعودی شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ حج کے لیے جاری کردہ قواعد وضوابط کی پاسداری کریں اور حج کے ایام میں المسجد الحرام یا حج کے دیگر مقامات منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں جانے کی کوشش نہ کریں،اگر کوئی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سکیورٹی اہلکار فوری کارروائی کریں گے۔

سعودی حکومت نے اس مرتبہ بھی کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر صرف مملکت میں مقیم اپنےشہریوں اورتارکِ وطن مکینوں کوحج کی اجازت دی ہے اور ان میں سے طے شدہ معیارپر پورااترنے والے 60 ہزار خوش نصیبوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ان کا تعلق دنیا کے مختلف ملکوں سے ہے۔انھوں نے ہفتے کے روز مکہ مکرمہ میں پہنچنے کے بعد کعبۃ اللہ کا طواف کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں