قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر پانچ عمرہ کمپنیوں کے اجازت نامے منسوخ، مقدمات درج
سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کو خدمات کی فراہمی میں کوتاہی کرنے پر 5 کمپنیوں کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا ہے۔ وزارت حج وعمرہ کے اعلان کے مطابق ’خلاف ورزی کی مرتکب عمرہ کمپنیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’کمپنیوں کی انتظامیہ کو تفتیش کے لیے بلایا گیا ہے جس کی تکمیل کے بعد انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا جائے گا‘۔ وزارت حج عمرہ نے یقین دلایا ہے کہ وہ عمرہ زائرین کو پیش کی جانے والی سہولتوں اور خدمات کا گہرائی سے جائزہ لیتی ہے۔

عمرہ زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی مسلسل کوشش کی جارہی ہے جبکہ کسی قسم کی کوتاہی پر تادیبی کارروائی ہوتی ہے۔ وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’عمرہ زائرین کی شکایتیں وصول کرنے کے لیے خصوصی سیل کام کر رہا ہے‘۔
واضح رہے کہ وزارت حج وعمرہ نے بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کر دیا ہے جبکہ عمرہ موسم کا باقاعدہ آغاز یکم محرم 1444ھ سے ہو گا۔ اس مقصد کے لیے https://haj.gov.sa/ar/InternalPages/Umrah ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے۔