حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع، سعودی عرب سے تین پروازوں کی آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاکستانی حجاج کی وطن واپسی کا آغاز اتوار کے روز سے ہو گیا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی ایئرپورٹ پر حجاج کا استقبال کیا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق ’پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کا آغاز کر دیا۔ اتوار کو چار پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔‘ ترجمان نے کہا کہ ’پی کے 832 جدہ سے 432 حجاج کو لے کر اتوار کو 3 بج کر 20 منٹ پر کراچی پہنچی۔‘

’پی کے 760 جدہ سے 323 حجاج کے ہمراہ لاہور پہنچی۔ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ائیرپورٹ انتظامیہ نے استقبال کیا۔‘ پی کے 762 جدہ سے 392 حجاج کو لے کر اسلام آباد پہنچی، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود بھی مسافروں کے ہمراہ جدہ سے پہنچے۔ ائیر پورٹ پہنچنے پر ممتاز عالم دین مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور ائیر پورٹ حکام نے عازمین حج کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے حجاج کو ہار پہنائے اور تحائف تقسیم کئے اور تمام عازمین کی حج کی ائیر پورٹ سے گھروں کو روانگی تک خود بھی ایئر پورٹ پر موجود رہے۔

پی آئی اے کی چوتھی پرواز پی کے 740 جدہ سے 276 حجاج کے ہمراہ پشاور پہنچ رہی ہے۔ ایئر پورٹ انتظامیہ، پی آئی اے کے حکام اور سول ایوی ایشن کا عملہ خیر مقدم کرے گا۔

قبل ازیں وزارت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’اتوار کو جدہ ایئرپورٹ سے پہلی تین حج پروازوں کے ذریعے 693 حجاج وطن واپس پہنچیں گے۔ یہ پروازیں جدہ سے کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد پہنچ رہی ہیں۔‘ بیان کے مطابق جدہ سے حج فلائٹ آپریشن 20 جولائی تک جاری رہے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ’38 ہزار حجاج کو مکہ سے مدینہ منورہ بھجوایا جا رہا ہے، حجاج کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ روانگی کا آغاز پانچ جولائی سے ہو گا۔‘ بیان کے مطابق مدینہ منورہ سے آخری حج پرواز 2 اگست کو وطن واپس پہنچے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان سے حج پروازوں کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا۔ جبکہ دوسری جانب مناسک حج کے اختتام پر منیٰ کی عارضی بستی ویران ہو گئی ہے۔ حجاج اب اپنے وطن واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔

حجاج کے چہروں پر فریضہ حج کی ادائیگی پر خوشی کے ساتھ مکہ مکرمہ کو الوداع کہنے پر اداسی کے آثار بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں