.

مصر نیوز اینکر کی عدم موجودگی کے باعث نیوز بلیٹن منسوخ

خبر دینے والے خود 'خبر' بن گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مصر کے ایک سرکردہ ٹی وی چینل سے وابستہ نیوز اینکر کی غیر حاضری کے باعث چینل کو اپنا اہم خبرنامہ منسوخ کرنا پڑا۔ النیل ٹی وی کی انتظامیہ نے خبرنامہ منسوخی کی خفت مٹانے کے لئے خانہ پری کے لئے پہلے سے ریکارڈ شدہ پروگرام چلا دیئے۔

النیل چینل کے ڈائریکٹر سامح رجائی نے انٹرنیٹ پر اپنے ایک بیان میں اینکر پرسن کی غیر حاضری کے باعث اہم خبرنامے کی منسوخی کو 'فاش غلطی' قراد دیتے ہوئے کہا کہ خبرنامہ پیش کرنے والے اینکر پرسن احمد نجیب چند ناگریز وجوہات کی بنا پر چینل کا لیٹ نائٹ بلیٹن پیش کرنے نہیں پہنچ سکے۔ سونے پہ سہاگہ یہ ہوا کہ دن کی شفٹ ختم کرنے والا نیوز اینکر نائٹ شفٹ کے اینکر کا انتظار کئے بغیر ہی گھر چلا گیا تھا۔

مصری ٹیلی ویژن کی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی چینل کو نیوز اینکر کی عدم موجودگی کے باعث اپنا مین نیوز بلیٹن اچانک منسوخ کرنا پڑا۔ اس واقعے کے بعد نائل گروپ سے وابستہ دیگر چینلز نے وزیر اطلاعات صلاح عبدالمقصود سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چینل کے ان افراد کے خلاف فوری کارروائی کریں کہ جن کی سستی اور غفلت سے نیوز بلیٹن منسوخ کرنا پڑا۔ نیز چینل کی ساکھ بحال کرنے کے فوری طور پر پیشہ وارنہ اہلیت کے حامل افراد کا تعین کیا جائے۔