.

سعودی شہری سستے حج کی خاطر اردن جانے کے خواہشمند

دس ہزار ریال میں فور سٹار اردنی حج پیکج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
اردن سے واپس آنے والے سعودی شہریوں نے اردنی حج کمپنیوں کے ذریعے امسال حج کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے کیونکہ اردنی حج کمپنیوں کے ذریعے سعودی شہری سستے داموں اس دینی فریضے سے سبکدوش ہو سکتے ہیں۔ اردن سے حج کے وی آئی پیکج کی قیمت 10.500سعودی ریال ہے۔ پیکج میں آنے جانے کا ہوائی ٹکٹ، مکہ اور مدینہ میں کم سے کم فور سٹار ہوٹل میں قیام بھی شامل ہے۔

سعودی عرب میں حج کے مصارف میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن اردنی حج کمپنیوں نے سعودی شہریوں کی درخواست قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ اردن حکومت کے پاس محدود تعداد میں حج کوٹہ ہے۔ دس لاکھ اردنی شہریوں میں ہر سال ایک ہزار کو حج کی اجازت دی جاتی ہے۔

اردن سے حج پر جانے کے خواہش مند سعودی شہریوں نے بتایا کہ شمالی اردن کے بعض شہروں سے حج کمپنیوں نے سعودی عازمین حج کو اپنے پیکج پر حج کرانے کا عندیہ ظاہر کیا ہے تاہم ان کمپنیوں نے سعودی عازمین حجاج سے حج پرمٹ لانے کی شرط عائد کی ہے۔ سعودی عرب سے حج کے خواہش مند افراد حج پرمٹ صرف سعودی حج کمپنیوں کے ذریعے ہی حاصل کر سکتے ہیں۔

سپریم علماء کونسل کے رکن الشیخ عبداللہ بن محمد المطلق نے کنزیومنر رائٹس کمیٹی پر زور دیا ہے کہ وہ غربیوں کی جیبوں سے نکالے گئے مہنگے حج پیکجز کا توڑ نکالیں۔ الشیخ المطلق کے مطابق: "جس کے پاس پیسے نہیں، وہ حج نہیں کر سکتا۔" چار افراد پر مشتمل متوسط گھرانے کے افراد کو سعودی عرب سے حج کے لئے پچاس ہزار ریال خرچ آتا ہے۔