.

قطر میں روڈ ایکسیڈنٹ شادی کا بہانہ بن گیا

نہ تو نے سگنل دیکھا ۔۔۔۔ نہ میں نے سگنل دیکھا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
قطر کے دارلحکومت دوحہ میں ایک سڑک حادثہ نے قطری دوشیزہ اور نوجوان کو زندگی کا ساتھی بنا دیا۔

روزنامہ 'الشرق' کے مطابق دوحہ کی ایک مرکزی شاہراہ پر دوران ڈرائیونگ موبائل فون پر گفتگو کرتے ہوئی ایک نوجوان اور دوشیزہ کی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے بعد دونوں ڈرائیور سڑک کے بیچ ایک دوسرے پر لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزامات لگاتے رہے، تنازعہ بڑھنے پر دونوں فریق علاقے کے تھانے میں ایک دوسرے کے خلاف رپٹ درج کرانے پہنچے تو قطری نوجوان نے وہاں پولیس کے سامنے حادثے کو اپنی 'غلطی' کا نتیجہ قرار دیکر دوشیزہ کو حیران کر دیا۔ انشورنس کے کاغذات بنوا کر دونوں ڈرائیور تھانے سے باہر نکلے اور باہمی تعارف کیا۔

حادثے کے دوسرے ہی روز قطری نوجوان رشتہ لیکر دوشیزہ کے گھر پہنچ گیا۔ لڑکی کے گھر والوں کی رضامندی کے بعد اگلے روز بارات، حادثے کا سبب بننے والی دوشیزہ کے گھر پر تھی۔ اخبار کے مطابق دو قطری شہری ایک سڑک حادثے کے نتیجے میں ایک دوسرے کے زندگی بھر کے ساتھی بن گئے۔