.

یمن خودکُش حملے میں 18 فوجی ہلاک، درجنوں زخمی

فوج کا 115 بریگیڈ دہشت گردوں کا ہدف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
یمن میں جمعہ کے روز دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی میں اٹھارہ فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ العربیہ ٹی وی کے نامہ نگار کے مطابق حملہ جنوبی یمن کے ضلع ابین میں شقرہ شہر میں فوج کے 115 بریگیڈ کے دفاتر پر بارود سے بھری ایک کار سے کیا گیا جس میں شدت پسند تنظیم کے چھے بمبار بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شدت پسندوں نے بارود سے بھری کار کو کئی چیک پوسٹوں سے کامیابی سے گذارنے کے بعد فوجی بریگیڈ کے دفاتر سے ٹکرا دیا، جس سے چھاؤنی کی کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ضلع ابین کے اسی علاقے میں جمعرات کو علی الصباح ایک مبینہ امریکی ڈرون حملے میں چھے افراد ہلاک ہوئے تھے جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ان کا تعلق القاعدہ سے تھا اور ان میں ایک مقامی کمانڈر بھی شامل تھا۔

خیال رہے کہ یمنی سیکیورٹی فورسز نے اس سال مئی میں قبائلی علاقے ابین گورنری میں القاعدہ عناصر کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کیا تھا۔ مقامی لشکر اور امن کمیٹیوں کے تعاون سے یمنی فوج القاعدہ جنگجوؤں کو ابین سے نکال باہر کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔ تازہ حملہ کئی ماہ کے بعد ہونے والی یہ کارروائی ہے تاہم اس نے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے یمنی فوج کے دعوؤں پر کئی سوالیہ نشان چھوڑے ہیں۔