.

دنیا کے 7 ویں بڑے شہر کی میئرشپ پر لبنانی نژاد تارک وطن متمکن

سان پاؤل بیروت سے 17 گنا بڑا شہر ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برازیل کے سب سے بڑے اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کے 7 ویں بڑے شہر سان پاؤل کی میئرشپ کا انتخاب لبنان الاصل فرناندو حداد نے جیت لیا ہے۔ سان پاؤل رقبے کے لحاظ سے بیروت سے 17 گنا بڑا شہر ہے۔

برازیل کے اقتصادی دارلخلافہ سان پاؤل کے نئے میئر 1949ء میں البقاع کے نواحی گاؤں 'عین عطا' میں پیدا ہوئے۔ سان پاؤل کی آبادی بارہ ملین ہے، جن میں تین ملین کی تعداد تارکین وطن کی بھی ہے۔ ان کی ایک بڑی اکثریت لبنانی تارکین وطن پر مشتمل ہے۔ سان پاؤل برازیل کی اقتصادی زندگی میں چالیس فیصد حصہ لیتا ہے۔ اسے دنیا کا چھٹا اہم اقتصادی مرکز سمجھا جاتا ہے۔

فرنانڈو حداد نے پہلی مرتبہ لبنان کا دورہ سن 2006ء میں برازیل کے وزیر تعلیم کی حیثیت سے کیا۔ اس دورے میں ان کا اپنی جنم بھومی میں شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے اپنی جنم بھومی 'عین عطا' کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے وہ مکان بھی دیکھا جہاں ان کی پیدائش ہوئی۔ اپنے دورے کی یادگار کے طور پر انہوں نے مقامی سکول میں ایک پودا لگایا۔ جنم بھومی سے اظہار محبت کے طور پر وہ اس سرزمین کی مٹی اپنے ساتھ یادگار کے طور پر برازیل لے گئے۔

مسٹر حداد نے بلدیاتی انتخاب بائیں بازو کی حکمران 'لیبر پارٹی' کے ٹکٹ پر لڑا۔ انہوں نے سیاست، معیشت اور معاشرتی موضوعات پر پانچ کتابیں بھی تالیف کر رکھی ہیں۔ حداد، سان پاؤل یونیورسٹی سے انسانی حقوق اور اقتصادیات میں پی ایچ ڈی ہیں۔ وہ اسی جامعہ میں فکلیٹی ڈین کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

برازیل کے ایک اخبار نے حداد کی کامیابی کے حوالے ایک سیاسی تجزیہ کار کا مضمون شائع کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برازیل کی صدارت کا راستہ دراصل سان پاؤل کی میئرشپ سے ہو کر گزرتا ہے۔