.

اوباما کی کامیابی سے امریکا، مصر تعلقات کو فروغ ملے گا صدر مرسی

مصری صدر کی براک اوباما کو دوبارہ صدر بننے پر مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مصر کے صدر محمد مرسی نے اپنے امریکی ہم منصب براک اوباما کی صدارتی انتخابات میں کامیابی پر انھیں مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ ان کی جیت سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا۔

مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'مینا' کی اطلاع کے مطابق صدر محمد مرسی نے براک اوباما کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد کا ایک ٹیلی گرام بھیجا ہے اور اس میں دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات انصاف ،آزادی اور امن کے فروغ کے لیے دوستی کو مضبوط بنانے کی توقع کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ مصر میں امریکا کے سابق اتحادی صدر حسنی مبارک کی حکومت کے گذشتہ سال عوامی انقلاب کے نتیجے میں خاتمے اور اس کے بعد اسلام پسندوں کے اقتدار وسیاست میں اثر و رسوخ میں اضافے کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کچھ سرد مہری آئی ہے۔

دونوں ممالک کے تعلقات کو ستمبر میں اس وقت ایک اور دھچکا لگا تھا جب مشتعل مظاہرین نے امریکا میں بنی اسلام مخالف فلم کے خلاف قاہرہ میں احتجاج کے دوران امریکی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد صدر براک اوباما نے ایک بیان میں کہا تھا کہ مصر امریکا کا دوست ملک ہے اور نہ دشمن ہے۔

دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری کے باوجود مصر، اسرائیل کے بعد سب سے زیادہ امریکی امداد حاصل کرنے والا دنیا کا دوسرا ملک ہے۔ امریکا مصر کو سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالرز کی امداد دے رہا ہے اور اس میں زیادہ تر فوجی امداد شامل ہے۔