.

سعودی عرب میں تیارکردہ گاڑی نمائش کے لئے پیش

وزیر صنعت نے خود کار چلا کر افتتاح کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
سعودی عرب کے وزیر صعنت و تجارت اور انڈسٹریل سٹی اینڈ ٹکنالوجی زون کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے ملک میں تیار ہونے والے گاڑی بنفس نفیس چلا کر ملک میں کار سازی کی صنعت کا افتتاح کیا۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مقامی طور کار سازی کا مرحلہ 'سوزو' کمپنی کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر صنعت کاروں، تاجروں اور کمپنی کے عہدیداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں بیرون ملک تعلیم ملک کر کے وطن واپس آنے والے سعودی انجینئرز نمایاں تھے۔



افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ’’گاڑی چلانا بڑی بات نہیں لیکن میں آج ایک ایسی گاڑی چلانے میں فخر محسوس کر رہا ہوں جس پر'ساختہ سعودی عرب' کی خوش کن مہر ثبت ہے۔ سعودی عرب میں گاڑیوں کی تیاری ایک دیرینہ خواب تھا، جو آج شرمندہ تعبیر ہوا۔ کار سازی کی منزل سعودی عرب کی صنعت میں اہم سنگ میل ہے۔



وزیر صنعت و تجارت نے مقامی طور پر کار سازی کی صنعت کے فروغ میں خادم الحرمین الشریفین کے کردارکو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کار سازی کی صنعت کی کامیابی 15 برس کی کاوشوں کا ثمر ہے۔ اس سلسلے میں خادم الحرمین الشریفین کی سرپرستی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔



ڈاکٹر توفیق نے بتایا کہ مقامی طور پر تیار کی جانے والی کار کے کچھ اسپئیر پارٹس بیرون ملک سے منگوائے گئے ہیں تاہم بیشتر حصے مقامی معدنیات سے تیارکردہ ہیں۔ مستقبل میں گاڑیوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی چیزیں بیرون ملک سے درآمد نہیں کی جائیں گی۔ کار سازی کی مقامی صعنت کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے روز گار کے بے شمار مواقع پیدا کئے ہیں۔ انہیں توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں ریاض میں 4000 اور دمام میں 800 افراد کو مقامی صنعتوں میں روزگار فراہم کیا جائے گا۔