.

شاہ عبداللہ کمر کی کامیاب سرجری کے بعد اسپتال سے فارغ

سعودی فرمانروا کی صحت بہتر ہونے کی اطلاع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو کمر کی کامیاب سرجری کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

شاہ عبداللہ کی سترہ نومبر کو سرجری کی گئی تھی۔ اس کے بعد وہ اٹھائیس نومبر کو سرکاری ٹی وی پر پہلی مرتبہ نمودار ہوئے تھے اور ریاض میں انھیں شاہی خاندان کے ارکان سے مصافحہ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں ان کی صحت بہتر نظر آ رہی تھی۔

واضح رہے کہ شاہ عبداللہ کا نومبر 2010ء میں نیویارک میں پہلی مرتبہ ریڑھ کی ہڈی کےمہروں کو جوڑنےکے لیے دو مرتبہ آپریشن کیا گیا تھا۔ خادم الحرمین الشریفین کے حرام مغز میں خون کا لوتھڑا جم گیا تھا جس کے بعد ان کی سرجری کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود وہ تن درست نہیں ہوئے تھے۔

شاہ عبداللہ کی اس وقت عمر نواسی سال ہے۔ وہ 2005ء میں اپنے بھائی شاہ فہد کے انتقال کے بعد سعودی عرب کے فرمانروا بنے تھے اور وہ مملکت کے چھٹے حکمران ہیں۔ سعودی عرب دنیا کے خام تیل کے پانچویں حصے سے زیادہ کے ذخائرکا مالک ہے اور وہ تیل کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ملک ہے۔ وہ خطے میں امریکا کا ایک اہم اتحادی اور ڈالرز کے سب سے زیادہ اثاثوں کا مالک ہے۔