.

پاپائے روم کا عقیدت مندوں سے ٹیوٹر کے ذریعے پہلا رابطہ

فالورز کی تعداد 12 لاکھ سے متجاوز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
پاپائے روم پوپ بینی ڈکٹ شانزدہم نے پہلی مرتبہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹیوٹر' کے ذریعے اپنے لاکھوں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔



اے ایف پی کے مطابق پوپ بینی ڈکٹ نے ٹویٹر کے ذریعے اپنے بارہ لاکھ 'فالورز' کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے عقیدت مندوں کی دلجوئی کرتے ہوئے لکھا: 'عزیز دوستو! ٹیویٹر کے ذریعے آپ سے رابطہ کرتے ہوئے مجھے آج بہت خوشی ہے۔ میں آپ کے فراخدلانہ رابطے اور جوابات پر شکر گزار ہوں۔ میں آپ کو دل کی اتاہ گہرائی سے مبارکباد پیش کرتا ہوں'۔ رپورٹ کے مطابق پہلی ٹویٹ کے چالیس منٹ بعد اسے 15 ہزار 600 مرتبہ انگریزی زبان میں ری ٹیوٹ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پوپ کے پیغام کو اطالوی، ہسپانوی، پرتگیزی، جرمن، فرانسیسی، عربی اور پولش زبانوں میں فالو کیا گیا۔

تہینی پیغام کے علاوہ پوپ بینی ڈکٹ شانزدہم نے دو الگ الگ ٹویٹس بھی کیں۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے اپنے عقیدت مندوں کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کی پابندی کی تلقین کی اور انجیل میں وارد ان کے احکامات کے مطالعے اور ان پر عمل کرنے پر زور دیا۔ ایک دوسری ٹویٹ میں انہوں نے ہر طرف چھائے مایوسی کے گھٹا ٹوپ اندھیرے کا مقابلہ کرنے کا حل بتائے ہوئے لکھا کہ 'ہمیں یہ یقین کر لینا چاہیے کہ صاحب ایمان کبھی تنہا نہیں ہوتا۔ یہ یقین واثق ہو جائے تو مایوسی خود بخود ختم ہو جائے گی'۔