.

جان کیری کو نیا وزیر خارجہ بنائے جانے کی امید امریکی میڈیا

ڈیموکریٹ جان کیری، اوباما کے بڑے حامی ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
امریکا میں وائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر براک اوباما ممکنہ طور پر امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے سربراہ جان کیری کو نیا وزیر خارجہ نامزد کر دیں گے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹر جان کیری کو سابق خاتون اول اور موجودہ وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کا جانشین نامزد کیا جائے گا۔ ہیلری کلنٹن خود کہہ چکی ہیں کہ وہ براک اوباما کی دوسری مدت صدارت کے دوران اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گی۔ توقع ہے کہ کلنٹن اگلے سال جنوری کے آخر میں اُس وقت اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گی، جب براک اوباما بطور صدر نئے سرے سے حلف اٹھائیں گے۔

سن دو ہزار چار کے امریکی صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جان کیری، براک اوباما کے بہت بڑے حامی تصور کیے جاتے ہیں۔ امریکی سیاسی حلقوں میں اب زیادہ تر یہ کہا جا رہا ہے کہ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر سوزن رائس کی طرف سے وزیر خارجہ کے عہدے کے لیے اپنی ممکنہ نامزدگی کے سلسلے میں معذرت کے بعد جان کیری ہی سب سے مناسب امیدوار رہ گئے ہیں۔ سوزن رائس کی ممکنہ نامزدگی کی خبروں پر رپبلکن سیاستدانوں نے زبردست اعتراض کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع کے بقول جان کیری کی صدر اوباما کی طرف سے وزیر خارجہ کے طور پر نامزدگی کا اعلان بہت جلد متوقع ہے۔ ہو سکتا ہے کہ صدر اوباما یہ اعلان اگلے ہفتے کے وسط تک کر دیں۔