.

دبئی لبنانی شہری کی 2013 کو 20 ہزار ڈالر کی سلامی

'شوق کا کوئی مول نہیں'

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
لبنانی شہری نے دبئی کے برج خلیفہ ریجن میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کی تقریب دیکھنے کی خاطر 20 ہزار ڈالر ادا کر کے ایک رات کے لئے فلیٹ کرائے پر حاصل کیا ہے۔

فلیٹ کی خوبی یہ ہے کہ اس کی کھڑکی برج خلیفہ کے دامن میں واقع اس فوارے کی جانب کھلتی ہے جہاں سال 2013ء کو خوش آمدید کہنے کی رنگا رنگ تقریب اور آتش بازی کا چند گھنٹوں بعد مظاہرہ ہونے جا رہا ہے۔

سات ہزار مربع فٹ [700 میٹر] پر محیط رہائشی یونٹ کی دو منزلیں ہیں جن میں 6 کمرے، 7 باتھ ، ڈائینگ ہال، بلیرڈ روم اور دیگر سہولتیں شامل ہیں۔ پراپرٹی کے مالک کی نمائندہ فرم صحاری انٹرپرائزز نے العربیہ کو بتایا اس عمارت کو سالانہ 1.5 ملین سالانہ اجرت کے عوض کرائے پر دیا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ برج خلیفہ ڈاؤن ٹاؤن میں جائیداد کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر دنیا کی بلند ترین عمارت کے خوبصورت فوارے کی جانب کھلنے والے کھڑکیوں پر مشتمل بڑا ہاؤسنگ پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ ان فلیٹس کا کرانہ 1.5 ملین یو اے ای درھم سالانہ رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کرایہ عمارت کی اصل قیمت کا غماز نہیں۔ کرایہ دار چھے بیڈرومز پر مشتمل فلیٹ پانچ ہزار درہم یومیہ کرایہ پر لے سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کرایہ ڈاؤن ٹاؤن میں موجود ہوٹلز میں شب بسری کے لئے چارج کئے جانے والے کرائے کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صحاری انٹرپرائزز نے بتایا کہ جائیداد برائے فروخت نہیں ہے۔ مالک کو امید ہے کہ سن 2015ء میں ان کی جائیداد کی قیمت 50 ملین درہم کے برابر ہو جائے گی۔