.

میشل نے بہترین فلم کے لئے آسکر ایوارڈ کا اعلان وائٹ ہاؤس سے کیا

اعلان کے مطابق 'آرگو' بہترین فلم قرار پائی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کے شہر لاس اینجلس کے ہالی وڈ میں آسکرز یا اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں بہترین فلم کا اعلان امریکا کی خاتونِ اول مشیل اوباما نے کیا۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وائٹ ہاؤس سے براہِ راست اعلان میں کہا کہ ’آرگو‘ بہترین فلم قرار پائی ہے۔

بہترین اداکار کا انعام ’لنکن‘ کے کردار کے لیے ڈینیئل ڈے لوئس اور بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ’سلورلائننگز پلے بک‘ کے لیے جنیفر لارنس کو دیا گیا ہے۔

کرسٹوفر والٹز نے فلم ’جینگو ان چینڈ‘ میں اداکاری کے لیے بہترین معاون اداکار کا انعام جیتا تو وہیں بہترین معاون اداکارہ کے لیے یہ ایوارڈ ’لے مزرابل‘ میں این ہیتھوے کو دیا گیا۔

’لائف آف پائی‘ کے ہدایتکار آنگ لی کو بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گیا۔ لا‏‏ئف آف پائی کے لیے یہ چوتھا ایوارڈ تھا جبکہ آنگ لی کو 2006 کے بعد دوسری بار بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ ملا ہے۔

85 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی سالانہ تقریب اتوار کو پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھے بجے امریکی شہر لاس اینجیلس کے کوڈک ڈولبی تھیٹر میں شروع ہوئی۔

اس تقریب میں فلمی دنیا کے تمام بڑے ناموں نے شرکت کی جنھیں ’ریڈ کارپٹ‘ پر دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ اس موقعے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔