شمالی کوریا کو 'غلط فہمی' سے بچانے کے لئے امریکی میزائل تجربہ ملتوی

تجربہ مئی تک ملتوی کئے جانے کا امکان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

امریکی محکمۂ دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے کیا جانے والا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ منٹ مین 3 نامی اس تجربے کو اس لیے ملتوی کیا گیا ہے کہ کہیں اس سے شمالی کوریا کوئی غلط مطلب نہ نکال لے۔ اس تجربے کو اب مئی کے مہینے تک ملتوی کیا جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ کچھ عرصے میں امریکا کو غیر معمولی سخت دھمکیاں دی ہیں جب سے اس پر اقوام متحدہ نے تیسرے ایٹمی دھماکے کے بعد مزید پابندیاں عائد کی ہیں۔

شمالی کوریا نے امریکا پر جوہری حملہ کرنے کی دھمکیاں دینے کے علاوہ جنوبی کوریا کے خلاف باظابطہ اعلانِ جنگ کے ساتھ ساتھ اپنا جوہری پلانٹ دوبارہ سے کھولنے کا اعلان بھی کیا ہے جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

امریکی محکمۂ دفاع کے ایک اہلکار نے کہا کہ امریکا (شمالی کوریا کی جانب سے) اس تجربے کے نتیجے میں کسی قسم کی ’غلط تصور اور غلط نتائج اخذ کرنے سے بچنا چاہتا ہے‘۔

امریکا اور جنوبی کوریا کے حکام نے حالیہ دنوں میں جزیرہ نما کوریا میں جنگ کی شمالی کوریا کی جانب سے دھمکیوں کو نظر انداز کیا ہے۔

جمعہ کے روز شمالی کوریا نے پیانگ یانگ میں موجود غیر ملکی سفارت کاروں کو خبردار کیا کہ جنگ کی صورت میں وہ ان کی حفاظت کی صمانت نہیں دے سکتا ہے مگر اب تک کسی بھی غیر ملکی حکومت نے اپنے سفارت کاروں کو ملک سے نکالنے کا اعلان نہیں کیا ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے دی جانے والی اکثر دھمکیوں کی وجہ امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں بتائی جا رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی جانب سے مشرقی سرحد پر ایک میزائل منتقل کرنے کے بعد میزائل شکن دفاعی نظام سے لیس دو جنگی بحری جہازوں کو تعینات کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں