.

سعودی عرب میں 23 مطلوب افراد پولیس کی کارروائیوں میں گرفتار

منشیات کے کاروبار میں ملوث دو مشتبہ افراد بھی جھڑپ کے بعد پکڑے گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں پولیس نے مشرقی علاقے میں گڑ بڑ پھیلانے کے الزام میں چھاپہ مار کارروائیوں میں تئیس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کی اطلاع کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں منشیات کے کاروبار میں ملوث عبداللہ بن سلمان بن صالح الاصریح بھی شامل ہے۔اس کے ساتھ اس کے ایک ساتھی کو بھی پولیس نے ایک جھڑپ کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان جنرل منصور الترکی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ایک مشرقی گاؤں عوامیہ میں پولیس اور ان دونوں مشتبہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔اس دوران پولیس اہلکاروں نے ان دونوں کی ٹانگوں پر گولیاں ماردیں اور انھیں زندہ حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔

ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق ''وزارت داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی حکام مطلوب افراد کا پیچھا کریں گے اور انھیں گرفتار کیا جائے گا۔وزارت نے جن مشتبہ افراد کے نام مطلوب ملزموں کی فہرست میں شامل ہیں،ان پر زوردیا ہے کہ وہ خود کو قریب ترین سکیورٹی مراکز پر حکام کے حوالے کردیں''۔