.

افغان طالبان نے باقی چار ترک انجنئیروں کو بھی رہا کردیا

جذبۂ خیرسگالی کے تحت اور ترک عوام کے احترام میں یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افغانستان میں طالبان مزاحمت کاروں نے اپنے زیرحراست باقی چار ترک انجینئروں کو بھی منگل کے روز رہا کردیا ہے۔

طالبان نے ایک ای میل بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چار ترکوں کو ترکی کے مسلم عوام کے احترام ، خیر سگالی اور انسانی جذبے کے تحت آج منگل کو رہا کردیا گیا ہے۔تاہم انھوں نے اپنے زیرحراست ایک روسی اور ایک کرغز پائیلٹ اور ایک افغان کی رہائی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔

طالبان نے گذشتہ ماہ صوبہ لوگر میں ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد آٹھ ترکوں سمیت گیارہ افراد کو اغوا کر لیا تھا اور ان میں سے چار ترک انجنئیروں کو اتوار کو رہا کردیا تھا۔

ترک وزیراعظم رجب طیب ایردوآن نے اتوار کو استنبول میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ چار انجنئیروں کو ترک انٹیلی جنس افسروں کی قیادت میں مذاکراتی کوششوں کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔ان چاروں افراد کو پاکستان کی سرحد کے ساتھ افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار کے ایک دوردراز علاقے میں چھوڑا گیا تھا اور مقامی حکام کے مطابق قبائلی زعماء نے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں ثالث کار کا کردار ادا کیا ہے۔