.

انجلینا جولی کی چھاتی کے سرطان کی دوہری سرجری

جولی معروف اداکار بریڈ پِٹ کے ساتھ بطور پارٹنر رہ رہی ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے منگل کے روز بتایا کہ ان کے بدن میں مہلک بریسٹ کینسر کے امکانات کو کم کرنے کے لیےانہیں ڈبل میسٹیکٹومی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انجلینا جولی نے اپنی چھاتی کی سرجری کے حوالے سے اطلاع امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں چھپنے والے اپنے کالم میں دی ہے۔ ان کے کالم کا نام مائی میڈیکل چوائس تھا۔ جولی کے مطابق ڈاکٹروں نے اس کی تشخیص کی تھی کہ ان کے بدن میں بریسٹ کینسر کی افزائش کا قوی امکان ہے۔ تشخیص کے مطابق جولی کا چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہونے کا امکان 87 فیصد اور رحم کے سرطان کی افزائش کا خطرہ 50 فیصد ظاہر کیا گیا تھا۔ اس کینسر کی ان کی بدن میں منتقلی جینیاتی ہے۔

جولی نے اپنے کالم میں تحریر کیا کہ چھاتی کی سرجری کا فیصلہ اپنے بدن میں جینیاتی طور پر افزائش پانے والے سرطان کی روشنی میں کیا گیا اور اب 87 فیصد بریسٹ کینسر کا خطرہ صرف پانچ فیصد رہ گیا ہے۔ جولی نے سرجری کا فیصلہ احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ امید کرتی ہیں کہ دنیا میں وہ خواتین جو بریسٹ کینسر کا رِسک رکھتی ہیں، وہ ان کے فیصلے کو ایک رہنما اصول کے طور پر اپنا کر اپنی اور اپنے بچوں کے لیے زندہ رہنے کا فیصلہ کریں گی۔

انجلینا جولی کے بدن میں مہلک کینسر کے یقینی امکان کا اندازہ رواں برس کے شروع میں لگایا گیا تھا۔ سرجری اور مکمل علاج کا مرحلہ تین ماہ تک جاری رہنے کے بعد اپریل کے آخر میں پورا ہوا۔ اس دوران ان کے پارٹنر اور منگیتر بریڈ پِٹ مسلسل ان کا خیال رکھتے رہے۔ بریڈ پِٹ نے بھی اپنی پارٹنر کی ہمت اور حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے اس فیصلے میں شامل تھے۔ پِٹ کا کہنا تھا کہ جولی اب صحت یاب ہو گئی ہیں اور یہ ان کے بچوں اور گھر کے لیے انتہائی مسرت کا باعث ہے۔

انجلینا جولی کا بریسٹ کینسر کے خطرے سے بچنے کے لیے ڈبل میسٹیکٹومی کے فیصلے کو کئی دوسری ایسی معروف خواتین نے تحسین کے انداز سے دیکھا ہے، جو خود بھی بریسٹ کینسر میں مبتلا رہ چکی ہیں۔

انجلینا جولی کی عمر 37 برس ہے۔ وہ معروف اداکار بریڈ پِٹ کے ساتھ بطور پارٹنر رہ رہی ہیں۔ جولی اور پِٹ نے سات برس ایک ساتھ گزارنے کے بعد گزشتہ برس سن 2012 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ جولی اس وقت بریڈ پِٹ کے تین بچوں کی ماں ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے تین بچوں کو گود میں بھی لے رکھا ہے۔ اسی مناسبت سے جولی کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتی کہ اپنے چھ بچوں کو چھوڑ کر اپنی ماں کی طرح جلد مر جائیں۔ انجلینا جولی کی والدہ 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ایک سال میں چار لاکھ 58 ہزار خواتین بریسٹ کینسر کی وجہ سے ہلاک ہو جاتی ہیں۔