.

'دی گریٹ گیٹسبی' سے بین الاقوامی کینز فلمی میلے کا آغاز

میلے کا افتتاح ہالی وڈ اداکار لیونارڈو ڈی کاپریو نے کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانس کے شہر کینز میں سالانہ بین الاقوامی فلمی میلہ شروع ہو رہا ہے، جس میں گولڈن پام کے اعلیٰ ترین اعزاز کے حصول کے لیے اس مرتبہ دَس ملکوں کی بیس فلمیں میدان میں ہوں گی۔

اس میلے کا افتتاح ہدایتکار بَیز لُوہرمن کی تھری ڈی فلم 'دی گریٹ گیٹسبی' سے ہو رہا ہے، جس میں مرکزی کرداروں میں ہالی وُڈ کے ممتاز اداکار لیونارڈو ڈی کاپریو اور برطانوی اداکارہ کیری ملیگن جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ یہ دونوں فلمی ستارے افتتاحی تقریب میں بھی موجود ہوں گے۔ ایک سو پانچ ملین ڈالر کی لاگت سے بننے والی یہ فلم امریکی ادیب ایف سکاٹ فٹس جیرالڈ کے 1925ء میں شائع ہونے والے اسی نام کے ناول پر مبنی ہے۔

کینز میں افتتاحی فلم کے لیے ہمیشہ کسی ایسی فلم کا انتخاب کیا جاتا رہا ہے، جو اس سے پہلے کہیں بھی نہ دکھائی گئی ہو اور پہلی بار اسی میلے میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہو۔ تاہم اس بار کی افتتاحی فلم یعنی ’دی گریٹ گیٹسبی‘ امریکی سینماؤں میں پہلے سے ہی ریلیز ہو چکی ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کن کے فلمی میلے میں ہالی وُڈ کو اب بہت زیادہ اہمیت دی جانے لگی ہے۔

اس بارہ روزہ میلے میں کئی فلموں کے ورلڈ پریمیئر بھی ہوں گے، شاندار پارٹیاں بھی ہوں گی اور شائقین کو اپنی اپنی فلموں کی پروموشن کے لیے آئی ہوئی فلمی دنیا کی اُن نامور شخصیات کو دیکھنے کا بھی موقع ملے گا، جن میں مائیکل ڈگلس، مَیٹ ڈَیمن، راین گوسلنگ اور ایما واٹسن کے ساتھ ساتھ بھارتی فلمی صنعت کے میگا اسٹار امیتابھ بچن بھی شامل ہیں۔

افتتاح کے بعد دنیا بھر سے گئی ہوئی فلمی شخصیات، صحافیوں، ماہرین اور شائقین کی توجہ کا مرکز وہ سینکڑوں فلمیں بن جائیں گی، جو کن کے فلمی میلے کے دوران دکھائی جائیں گی۔ انہی میں دس ملکوں سے گئی ہوئی وہ بیس فلمیں بھی شامل ہیں، جن کے درمیان گولڈن پام کے اعلیٰ ترین اعزاز کے حصول کے لیے مقابلہ ہو گا۔ ان میں سے اکٹھی پانچ فلمیں امریکا سے آئی ہیں اور گزشتہ چھ برسوں میں مقابلے کے شعبے میں امریکی فلموں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

مقابلے کے شعبے میں شامل فلموں کو جانچنے کے لیے مقرر کی گئی جیوری کی سربراہی مایہ ناز امریکی ہدایتکار اسٹیون اسپیلبرگ کر رہے ہیں جبکہ جیوری میں اُن کے ساتھی ارکان میں آسٹریلوی امریکی اداکارہ نکول کِڈ مَین اور رواں سال کی دو آسکر ایوارڈ یافتہ فلمی شخصیات تائیوانی نژاد ہدایتکار اَینگ لی اور آسٹرین اداکار کرسٹوف والٹس بھی شامل ہیں۔ اس جیوری کے فیصلوں کی روشنی میں میلے کے اعلیٰ اعزازات میلے کے آخری روز یعنی 26 مئی کو ایک شاندار اختتامی تقریب میں تقسیم کیے جائیں گے۔