.

ایران میں صدر محمود احمدی نژاد کے ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ

صدر حادثے میں محفوظ رہے،منصوبے کے افتتاح کے بعد بذریعہ کار تہران واپسی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے ہیلی کاپٹر نے ملک کے شمال مشرقی علاقے میں ایک ''حادثے'' کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔تاہم وہ واقعہ میں بالکل محفوظ رہے ہیں۔

ایرانی صدر کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ''ہیلی کاپٹر میں ڈاکٹر احمدی نژاد اور متعدد عہدے دار سوار تھے۔ہیلی کاپٹر کو ایک حادثہ پیش آیا تھا لیکن پائیلٹ نے اس کو باحفاظت زمین پر اتار لیا۔

ایرانی صدر ملک کے شمال مشرق میں واقع پہاڑی علاقے میں ایک منصوبے کے افتتاح کے لیے جارہے تھے۔وہ اس منصوبے کے افتتاح کے بعد بذریعہ کار واپس تہران پہنچ گئے ہیں۔ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر کو کس نوعیت کا حادثہ پیش آیا تھا اور نہ اس واقعہ کی مزید کوئی تفصیل جاری کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ محمود احمدی نژاد اپنی دوسری مدت صدارت کی تکمیل کے قریب ہیں۔ان کی مدت تین اگست کو مکمل ہوگی اور ان کے جانشین صدر کے انتخاب کے لیے ایران میں چودہ جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ایران کی شورائے نگہبان نے صرف آٹھ امیدواروں کو صدارتی انتخاب لڑنے کا اہل قرار دیا ہے۔