.

سعودی اقامے کا آن لائن اجراء اور تجدید کی سہولت کا افتتاح

'ابشر' کا آغاز مملکت میں 'ای گورنمنٹ' کی جانب اہم قدم ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس الیکڑانک سروسز کی ویب سائٹ کے ذریعے اقامتی ویزے اور اس کی تجدید کی ایک نئی آن لائن سہولت کا افتتاح کیا ہے۔ اس سہولت کو 'ابشر' کا نام دیا گیا ہے، اس کے ذریعے اجر گھر بیٹھے ویزے کے اجرا اور تجدید کی کارروائی مکمل کر سکیں گے۔

موقر سعودی اخبار 'عکاظ' نے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ جنرل سالم بن محمد البلیھد کے حوالے سے بتایا ہے کہ اقامتی ویزے کے اجراء اور تجدید کی الیکٹرانک سروس ملک میں 'ای گورنمنٹ' کے قیام کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ یہ سہولت سعودی شہریوں اور مملکت میں خدمات سرانجام دینے والے تارکین وطن کو بہتر خدمت فراہمی کی جانب انتہائی اہم پیش رفت ہے۔ اس سہولت کے ذریعے پاسپورٹ دفتروں کے چکر لگائے بغیر ویزے کا اجرا اور اس کی مدت میں توسیع ممکن ہو سکے گی۔"

انفارمیشن ٹکنالوجی کے ڈائریکٹر کرنل خالد بن حمد الصیخان نے بتایا کہ "آجر اقامتی ویزے کا اجرا اور تجدید الیکٹرانک پاسپورٹ سروسسز 'ابشر' کے ذریعے کروا سکے گا۔ اس سہولت کے باعث وہ [آجر] اپنے اجیروں کے اقامتی ویزے کی معیاد پر نظر رکھ سکیں گے اور اس کی بآسانی تجدید کرا سکیں گے۔

واضح رہے کہ ویزے کی بروقت تجدید نہ ہونے کی صورت میں تاخیر پر بھاری جرمانے کی سزا بھی بھگتنا پڑتی تھی۔ 'ابشر' کے ذریعے آجر کے لئے ممکن ہو گیا ہے کہ وہ پاسپورٹ ویب سائٹ سے استفادہ کرتے ہوئے براہ راست اقامتی کارڈ حاصل کرسکیں۔"

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹس کے میڈیا ترجمان کرنل بدر بن محمد المالک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ" اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ لوگ پاسپورٹ دفتروں کے چکر لگائے بغیر ویزوں کا اجرا اور تجدید کرا سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ الیکڑانک پاسپورٹ سروسز 'ابشر' سے استفادے کی کوئی فیس نہیں ہے۔ اس سے استفادے کے لئے پاسپورٹ آفس کی ویب سائٹ [www.epassport.gov.sa] پر خود کو ایک بار رجسٹر کرانا ضروری ہے۔ رجسٹریشن کے بعد صارف مختلف دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے اپنی شناخت کی تصدیق کے بعد 'ابشر' سروس سے استفادہ کر سکتا ہے۔