.

سعودی میلے میں "محفوظ ڈرائیونگ ٹریلر" شائقین کی توجہ کا مرکز

ٹریلر کا مقصد زائرین کی ڈرائیونگ مہارت کو جانچنا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں ٹریفک کلچر سے متعلق آگاہی کے لئے منعقدہ مشرقی گرمائی 34 ویں میلے میں محفوظ ڈرائیونگ ٹریلر فیسٹول دیکھنے والوں کی توجہ کا خاص مرکز بنا ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 34 واں مشرقی میلہ دمام شہرمیں واقع شاہ عبداللہ پارک میں پانچ دنوں سے جاری ہے۔ ابتک کم ازکم 2000 افراد میلہ دیکھ چکے ہیں۔ سعودی عربین آئل کمپنی 'آرامکو' کا تیارکردہ محفوظ ڈرائیونگ ٹریلر میلے کا مرکزی محور ہے جس نے زائرین کی توجہ دیگر امور کے مقابلے میں سب سے زیادہ اپنی جانب مبذول کرا رکھی ہے۔

محتاط ڈرائیونگ ٹریلر کی تیاری اور اس کے تخیل کا مقصد میلہ دیکھنے والوں کو جدید اور محفوظ ڈرائیونگ کے بارے میں آگاہی اور ان کی ڈرائیونگ میں مہارت کو پیشہ ورانہ انداز میں چیک کرنا ہے۔ ڈرائیونگ کی مہارت کا یہ ٹیسٹ تین مرحلوں پر مشتمل ہے۔

امتحان میں حصہ لینے والے ہرشخص سے اس کے ڈرائیونگ کے عملی تجربے اور مختلف حالات میں گاڑی چلانے سے متعلق بارہ سوال کیے جاتے ہیں۔ ڈرائیورکو یہ بتانا ہوتا ہے کہ اس نے کہاں اور کس موقع پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اور کہاں حادثہ ہوتے ہوتے بچا۔ بعد ازاں تمام شرکاء کے بیانات سائنسی تجزیے کے لیے ماہرین کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں جو درست اور غلط جوابات اور عملی تجربے کو مد نظر رکھتے ہوئے شریک میلہ کی ڈرائیونگ کی صلاحیت کی آخری رپورٹ فراہم کرتے ہیں۔

سعودی عرب کے نوجوانوں کی بڑی تعداد نہ صرف میلے میں پیش کیے گئے محفوظ ڈرائیونگ ٹریلر کا وزٹ کر رہی ہے بلکہ وہ عملی ڈرائیونگ کے حوالے سے اس تشخیصی عمل میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔