.

امریکی شہری کا 40 برس تک ایک ہی لباس میں تصویر بنوانے کا 'عالمی ریکارڈ'

بیوی کا چیلنج قبول کرنے والے استاد کے پریس میں چرچے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ویسے تو ہر شخص لباس اور وضع قطع میں اپنی انفرادیت قائم کرنے کا خواہاں ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے وہ نت نئے نئے فیشن اختیار کرتا ہے، تاہم امریکا کے ایک اسکول ٹیچر نے اپنی بیوی کا چیلنج قبول کرتے ہوئے چالیس برس تک ایک ہی رنگ کی قمیض اور جرسی پہن کر تصویر بنوانے کا انوکھا 'عالمی ریکارڈ' قائم کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ انوکھا واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس میں ڈالاس کے ایک اسکول میں اسپورٹس کے استاد "ڈالی لارپی" کا ہے۔ مسٹر لارپی کا کہنا ہے کہ اس نے 1973ء میں ملازمت کے آغاز پر اسکول کی 'ائر بک' کے لیے تصویردی، جس میں انہوں نے سفید رنگ کی شرٹ اور بھورے رنگ کا سویٹر پہن رکھا تھا ۔ اگلے برس دوبارہ غیرارادی طور پر انہی کپڑوں میں دوبارہ تصویر لی گئی۔ میگزین چھپنے کے بعد معلوم ہوا کہ اسی طرح کی تصویر پہلے بھی اسکول کے میگزین میں آ چکی ہے۔

لارپی کی اہلیہ کیتھی ابٹ نے یہ تصویر دیکھ کر از راہ مذاق کہا کہ وہ 'ائر بک' کے لیے آئندہ برس بھی یہی تصویر پیش کرے۔ شوہر نے یہ چیلنج قبول کرلیا۔ تیسرے برس بھی انہی کپڑوں میں موصوف نے تصویر بنوائی اور پھر مسلسل پانچ برس تک یہی عمل دہراتا رہا۔

ڈالاس سے شائع ہونے والے اخبار "ڈالاس مارننگ نیوز" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مسٹر لارپی نے بتایا کہ مسلسل پانچ سال تک ایک ہی رنگ کے کپڑوں میں تصویر شائع ہوتی رہی تو میں نے سوچا کہ اب اس عمل کو جاری کیوں نہ رکھا جائے چنانچہ اس کے بعد ریٹائرمنٹ تک سفید شرٹ اور بھورے سیوٹر میں اس کی تصویر تواتر کے ساتھ سکول کی 'ائر بک میں' چالیس برس تک شائع ہوتی رہی۔

ہر نئے سال کی تصویر میں مسٹر لارپی کی ڈھلتی عمر کے چہرے پر اثار اور بالوں کی رنگت تو بدلتی رہی لیکن قمیض اور اس پر بھورے رنگ کی جرسی تبدیل نہ ہوئی۔ ریٹائرڈ اسکول ٹیچرنے بتایا کہ بعض لوگوں کی جانب سے مجھ پر کنجوسی کا بھی الزام لگایا جاتا رہا لیکن میں نے یہ اپنی انفرادیت برقرار رکھا اوربیگم کا چیلنج نہ صرف قبول کیا بلکہ اسے سچ کر دکھایا۔