بزرگ امریکی خاتون صحافی ہیلن تھامس انتقال کر گئیں

50 سالہ صحافتی زندگی میں 10 امریکی صدور کی کوریج کا اعزاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکی وائٹ ہاؤس کی سرگرمیوں کی نصف صدی تک رپورٹنگ کا اعزاز حاصل رکنے والی خاتون نامہ نگار تھامس ہیلن طویل علالت کے بعد ہفتے کے روز واشنگٹن میں اپنے اپارٹمنٹ میں انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر بیانوے برس تھی۔

ہیلن نے وائٹ ہاؤس کے نیوز کانفرنس ہال کی پہلی نشت پر اپنے تلخ سوالات کے ذریعے امریکا کے یکے بعد دیگر دس صدور کو پریشان کئے رکھا۔ ہیلین متنازعہ امور پر اپنی رائے بیان کرنے میں کسی لگی لپٹی کا شکار نہیں ہوتی تھیں۔

ہیلن تھامس دنیا کی واحد صحافی ہیں جن کا نام امریکہ کے قصرِ صدارت، وائٹ ہاؤس کے بریفنگ روم کی ایک کرسی پر کندا ہے۔ ہیلن تھامس پچاس برس تک وائٹ ہاؤس کی بریفنگ کی رپورٹنگ کرنے کے بعد سنہ دو ہزار دس میں ریٹائر ہوئیں لیکن پانچ دہائیوں پر محیط ان صحافتی زندگی کے اختتام پر ان کے ایک جملے نے امریکہ میں ایک تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

ہیلن تھامس نے ایک ویڈیو انٹرویو میں تنازعِ فلسطین کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’اسرائیل کے یہودیوں سے کہیں کہ وہ وہاں سے نکل جائیں۔‘ جب ان سے مزید پوچھا گیا کہ یہودی کہاں جائیں تو انھوں نے جواباً کہا ’انھیں اپنے گھر جانا چاہیے۔‘

ہیلن تھامس نے مزید کہا کہ یاد کریں کے یہ مقبوضہ لوگ ہیں، یہ ان کی سرزمین ہے اور یہودیوں کو پولینڈ، جرمنی، امریکہ اور دوسرے ملکوں کو چلے جانا چاہیے جہاں سے وہ آئے تھے. اُن کے اِن کلمات نے جن پر انھوں نے بعد میں معذرت بھی کر لی، ایک انتہائی شاندار صحافتی زندگی کے انجام کو تلخ کر دیا۔

تھامس انیس سو بیس میں پیدا ہوئیں اور انھوں نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز واشنگٹن میں ایک چھوٹے سے اخبار میں ’کاپی گرل‘ کے طور پر کیا۔ واشنگٹن کے اس معمولی سے اخبار سے وہ وائٹ ہاؤس کے برینفگ روم میں سب سے اگلی نشتوں کی درمیان والی کرسی تک پہنچیں۔ اس کرسی پر اب ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں ان کا نام کندا کر دیا گیا ہے۔

ہیلن نے صدر جان ایف کینیڈی کے ابتدائی دور میں وائٹ ہاؤس کی رپورٹنگ شروع کی تھی اور اس وقت انھیں باقاعدہ طور پر یہ ذمہ داریاں سونپیں نہیں گئی تھیں۔ ابتدا میں تھامس ہیلن اس روزانہ بریفنگ میں باقاعدگی سے جانے لگیں۔

وہ وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی تنظیم کی پہلی خاتون صدر منتخب ہوئیں۔ انھیں نیشنل پریس کلب کی بھی پہلی خاتون آفیسر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔

ہیلن پہلی خاتون اخبار نویس تھیں جو سابق صدر رچرڈ نکسن کے دورہ چین پر ان کے وفد میں شامل تھی۔ ہیلن ستانوں برس تک یونائٹڈ پریس انٹرنیشنل کے ساتھ وابستہ رہیں۔ تھامس ہیلن کو سابق صدر بش کے دور میں عراق اور افغانستان پر بے لاگ سوالات کرنے پر شہرت حاصل ہوئی۔

مقبول خبریں اہم خبریں