.

امریکہ دنیا کے ہر کونے کی خانہ جنگیوں میں ملوث رہا

ردعمل کا سوچے بغیر اقدامات کیے جاتے ہیں ،امریکی سینیٹر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

واشنگٹن امریکہ کے ریپبلکن سینیٹر رینڈ پال نے واشنگٹن کی دفاعی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کے ہر کونے میں ہونے والی خانہ جنگی میں ملوث رہا ہے جس کی وجہ سے ہمارا اپنا دفاع کمزور ہوا ہے۔

بیرون ملک جنگوں میں حصہ لینے والے سابق فوجیوں کے نیشنل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رینڈ پال نے کہا'' وفاقی حکومت کیلئے آئین اور قوم کے دفاع سے بڑھ کر کوئی بڑی ترجیح نہیں ہوتی لیکن بعض اوقات میں سوچتا ہوں ہمارا دفاع دنیا کے کسی بھی کونے میں خانہ جنگی میں ملوث ہونے کی خواہش سے کمزور ہوا۔''

انہوں نے لیبیا، مصر اور اب شام میں امریکی مداخلت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ہم کوئی بھی عملی قدم اٹھانے سے پہلے سوچتے نہیں کہ اس کا ردعمل کیا ہوگا، ہمارے ملک اور قوم کی بقاء کیلئے امن واشنگٹن کی اولین ترجیح ہونی چاہئےاور دنیا پر تھانیداری سے پرہیز کرنا چاہیے۔۔