.

مسجد حرم میں معتکفین کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت

اعتکاف 20 رمضان سے چاند رات تک جاری رہے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ماہ صیام کے تیسرے اورآخری عشرے میں حرمین الشریفین کی نگراں کمیٹی نے مسجد حرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف کے خواہش مند خواتین و حضرات کو تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن رجسٹریشن کی سہولت مہیا کی ہے۔ معتکفین حضرات الحرمین الشریفین کی آفیشل ویب سائٹ پرخود کورجسٹرکرا سکتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حرمین الشریفین کے نگراں ادارے کے سیکرٹری الشیخ ڈاکٹر یوسف الوابل میڈیا کو بتایا کہ ادارے نے پہلی مرتبہ اعتکاف پروگرام کے لیے معتکفین کی سہولت کوسامنے رکھتے ہوئے ان کی آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ آن لائن رجسٹریشن سے انتظامیہ اور معتکفین دونوں کے لیے آسانی ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ صیام کا تیسرا عشرہ شروع ہونے سے قبل سیکڑوں افراد نے اعتکاف کے لیے خود کو آن لائن رجسٹر کیا ہے۔ اعتکاف بیس رمضان المبارک کی شام سے چاند رات کی نماز عشاء تک جاری رہے گا۔

مرد وخواتین کی الگ اعتکاف گاہیں

سیکرٹری الحرمین الشریفین ڈاکٹر وابل نے بتایا کہ انتظامیہ نے حسب سابق مسجد حرام اور مسجد نبوی میں خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ اعتکاف گاہیں تیار کی ہیں۔ مسجد حرام کے شاہ فہد کے دور میں تیار کیے گئے تہ خانے کے دائیں جانب اور بائیں جانب خواتین وحضرات کو الگ الگ اعتکاف کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

معتکفین اپنی اعتکاف گاہ تک پہنچنے کے لیے تہ خانے کی شمالی اور جنوبی سمتوں سے گیٹ 59، 75 اور 81 کو استعمال کرسکیں گے۔ مسجد کے ان دروازوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات موجود ہیں۔ اعتکاف کی شرائط وضوابط کے لیے تمام معتفکین خواتین وحضرات کوچھوٹے چھوٹے کتابچے فراہم کیے جائیں گے۔ معتکفین مسجد میں مخصوص داخلی راستوں پر دروازے کے باہر لگے نوٹس بورڈز پر تحریرشدہ ہدایات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

شیخ وابل کا کہنا تھا کہ انہوں نے معتکفین کو ہدایت کی ہے کہ اعتکاف کے دوران صرف ضروری سامان ہمراہ رکھیں۔ اشیائے خور و نوش اندر لے جانے سے اجتناب برتیں۔ معتکفین اپنے ساتھ ایک جائے نماز، ایک کمبل، ایک تکیہ اور احرام کے دو کپڑے لے جاسکتے ہیں۔ معتکفین کو مسجد کی سیڑھیوں اور ستونوں پر کپڑے لٹکانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ فریضہ اعتکاف ادا کرنے والے مسجد کی صفائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی زیادہ توجہ عبادت پر مرکوز رکھیں گے تاکہ دیگر نمازی حضرات کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ الحرمین الشریفین کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ اعتکاف کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کو اعتکاف مکمل ہونے سے قبل ہی نکال دیا جائے گا۔